پاکستانی نوجوانوں کے لیے ناروے میں روزگار کے مواقع، تاریخی معاہدہ طے پا گیا

Apr 29, 2026 | 12:09:PM
پاکستانی نوجوانوں کے لیے ناروے میں روزگار کے مواقع، تاریخی معاہدہ طے پا گیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )پاکستان اور ناروے کے درمیان بحری شعبے میں تعاون کی نئی راہ کھل گئی۔ پاکستانی ملاحوں (سی فیررز) کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد اب پاکستانی عملہ ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر ملازمتیں حاصل کر سکے گا۔

 ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقدہ تقریب کے دوران ناروے میں پاکستانی سفارتخانے اور نارویجن میری ٹائم اتھارٹی کے حکام نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستانی بحری عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تسلیم کرنا اور انہیں عالمی شپنگ مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فلائٹس بند ہونے کا خدشہ! پاکستان کے فیصلے نے بھارت کو ہلا دیا

 وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس معاہدے کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم تعاون مضبوط ہوگا بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہوں گے۔

 وفاقی وزیر نے معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ اب پاکستانی سی فیررز ناروے کی عالمی معیار کی شپنگ لائنز اور پرچم بردار جہازوں پر خدمات انجام دینے کے اہل ہوں گے۔ یہ معاہدہ پاکستانی افرادی قوت کو جدید بحری ٹیکنالوجی اور طریقہ کار کا عملی تجربہ حاصل کرنے میں مدد دے گا۔ پاکستانی تربیتی اداروں کی اسناد کو ناروے جیسے بڑے بحری ملک کی جانب سے تسلیم کیا جانا پاکستانی میری ٹائم سیکٹر کی ساکھ میں اضافہ کرے گا۔

جنید انوار چوہدری نے مزید کہا ہے کہ حکومت پاکستان بحری تربیتی اداروں کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عالمی بحری کنونشنز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ عالمی شپنگ انڈسٹری میں پاکستان کا حصہ بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

 مزید پڑھیں:انٹرنیٹ پر بڑا خطرہ؟عالمی سطح پر ہلچل مچ گئی

معاشی ماہر سلمان نقوی کے مطابق اس معاہدے سے بیرون ملک ملازمتوں کے نتیجے میں کثیر زرِ مبادلہ پاکستان آئے گا، جو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ناروے کی مرچنٹ نیوی دنیا کی بڑی بحری قوتوں میں شمار ہوتی ہے، اور وہاں پاکستانی عملے کی شمولیت سے پاکستان کے بحری بیڑے اور افرادی قوت کو ایک نئی پہچان ملے گی۔