فوج  کی عدم موجودگی میں پی ٹی آئی کی حکومت تو دو دن بھی پختونخوا کو نہیں سنبھال سکتی

Dec 28, 2025 | 20:06:PM
فوج  کی عدم موجودگی میں پی ٹی آئی کی حکومت تو دو دن بھی پختونخوا کو نہیں سنبھال سکتی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)خیبرپختونخواسے فوج چلی جائے تو پی ٹی آئی دو دن  بھی صوبہ کو  نہیں سنبھال سکتی۔ یہ بات خیبر پختونخوا کے  گورنر  فیصل کریم کنڈ ی نے اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں کہی۔
  اسلام آباد  کے نیشنل پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا خیبرپختونخوا میں امن و امان کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ناگزیر ہیں۔ ان آپریشنز کو صوبائی حکومت کو سپورٹ کرنا  ہی ہے۔  اگر صوبے میں امن نہیں ہوگا تو کاروبار اور معیشت کیسے چلے گی، انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، فوج صوبے سے نکل جائے تو  وہاں پی ٹی آئی کی حکومت تو دو دن بھی صوبہ کو نہیں سنبھال سکتی۔   

پریس کلب میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں  گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی مسئلوں کا حل سیاسی طریقے سے ہی نکالا جانا چاہی۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام سیاسی معاملات مذاکرات اور جمہوری عمل کے ذریعے طے ہوں۔

فیصل کریم کنڈی جو خود خیبر پختونخوا کی عملی سیاست میں طویل تجربہ رکھتے ہیں،  انہوں نے کہا کہ اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کو ہم نے ایک میز پر بٹھایا کیونکہ ملک کو اس وقت انتشار نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔

انہوں نے 9 مئی 2023 کو ریاست پر حملوں کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی اور بے نظیر بھٹو کی شہادت جیسے سانحات پر بھی ہم نے پرامن رویہ اپنایا اور سسٹم کے اندر رہ کر حل تلاش کیا۔

 فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب کیا جبکہ نئے لیڈر آف اپوزیشن کا نام بھی پی ٹی آئی کی جانب سے دیا گیا۔

 گورنر کے پی کے نے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ واپس جائیں اور آئندہ  آنا ہو تو ویزا کے ساتھ پاکستان آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق ہر مقدمے میں صوبے کے ساتھ کھڑا ہے اور گالم گلوچ سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مذاکرات کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف انکار کر دیا جاتا ہے جبکہ اڈیالہ جیل میں بیٹھا ایک شخص سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو جنگ میں شکست دی گئی، بھارت کا اسلحے کے ڈھیروں اور فوج پر ناز خاک میں مل گیا اور آج دنیا ہمارے فیلڈ مارشل کی تعریف کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ جو شخص جیل میں ہے وہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے وہاں پہنچا، کسی نے اسے زبردستی اندر نہیں کیا۔