پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے فروغ پانے لگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان میں ڈیجیٹل نیٹ ورک اور آن لائن بینکنگ خدمات استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں برانچ لیس بینکنگ موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بڑھ کر 9 کروڑ 58 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
ایس بی پی نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران ادائیگیوں کے نظام سے متعلق جائزہ رپورٹ بھی جاری کی، جس میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بینکنگ موبائل ایپس استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 کروڑ 89 لاکھ جبکہ انٹرنیٹ بینکنگ صارفین کی تعداد 1 کروڑ 62 لاکھ ہو چکی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والی دکانوں کی تعداد 25 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
تیسری سہ ماہی کے دوران صارفین نے تقریباً 43 کروڑ 50 لاکھ آن لائن خریداریوں پر مجموعی طور پر 470 ارب روپے خرچ کیے، جبکہ مختلف ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ساڑھے 3 ارب سے زائد ٹرانزیکشنز کے ذریعے 68 ہزار 300 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں :عطاء اللہ تارڑ کی شعیب اختر کے گھر آمد،بڑے بھائی شاہد اختر کے انتقال پر اظہارِ تعزیت