ملک بھرمیں مون سون کانیاسپیل،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

Jul 27, 2025 | 17:07:PM
ملک بھرمیں مون سون کانیاسپیل،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(طیب سیف)محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں مون سون کا نیا سپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کر دی، بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

 تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ 28 سے 31 جولائی کے دوران اسلام آباد کے ساتھ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔کل سے 31 جولائی تک دریائے چناب اور جہلم میں پانی کے غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔

بلوچستان میں 29 سے 31 جولائی جبکہ سندھ میں 30 سے 31 جولائی کے دوران بارشیں ہوں گی، اس دوران کچھ علاقوں میں طوفانی بارشیں بھی ہو سکتی ہیں، بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا، مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔

دوسری جانب حافظ آباد سکھیکی میں 10 روز بعد بھی متعدد دیہات سے بارشی پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، زمینی رابطہ بحال نہ ہونے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، تونسہ بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، لیہ میں دریائے سندھ کے پانی سے 70 موضع جات زیر آب آگئے، انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس کے علاوہ راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 750 فٹ ریکارڈ کی گئی، ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سپل ویز کھول دیئے گئے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر مواصلات، چئیرمین این ایچ اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیںِ ،چیئرمین این ایچ اے کے مطابق  افسران اور عملے کو نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق چیئرمین این ایچ اے کی جانب سے تمام افسران کو دفاتر چھوڑ کر فیلڈ میں رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں، تمام افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، تمام افسران اپنے ایمرجنسی ریسپانس پلان تیار رکھیں۔

چئیرمن این ایچ اے  نے ہدایات دیں کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجنسی پلان پر فوری عملدرآمد شروع کر دیں ،متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، ناگہانی صورتحال میں این ایچ اے کا ریسپانس فوری اور نتیجہ خیز ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے فوری مالی امداد کی اپیل