پنجاب میں سینیٹرز کا بلا مقابلہ انتخاب، پرویز الٰہی کا اہم کر دار، زرداری اور لیگی قیادت کو رام کیا،چودھری شجاعت

Feb 27, 2021 | 21:12:PM
پنجاب میں سینیٹرز کا بلا مقابلہ انتخاب، پرویز الٰہی کا اہم کر دار، زرداری اور لیگی قیادت کو رام کیا،چودھری شجاعت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play


 (24نیوز) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے مختلف رہنماﺅں کی ملاقات کی اور سینٹ انتخابات کے حوالے سے مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں سالک حسین، سلیم بریار، شافع حسین، محمد خان بھٹی، صباحت الٰہی اور رانا خالد بھی موجود تھے۔ 
چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ذاتی کاوشوں سے پنجاب میں سینٹ کے تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے، جو مثال پنجاب نے پیش کی ہے اس کی تقلید باقی صوبوں کو بھی کرنی چاہئے اور سینٹ سمیت قومی مسائل پر بھی ایسے ہی یکجہتی کو پروان چڑھایا جانا چاہئے۔
 انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہوں جن میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور ن لیگ کے سرکردہ رہنماﺅں سے بات کر کے انہیں اعتماد میں لیا اور انہی رابطوں کی وجہ سے تمام امیدوار بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے۔
 انہوں نے کہا کہ اسی طرح کی مثال ماضی میں بھی ملتی ہے اس کا سہرا بھی ہمارے خاندان کے سر جاتا ہے، ہم نے بات چیت کے ذریعے ہی کے پی کے میں سینٹ کا معاملہ حل کروایا تھا جب سردار تنویر اکیلے امیدوار رہ گئے تھے، سب نے کوشش کی لیکن انہوں نے ہمارے کہنے پر ہی دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور حاجی بلور، غلام احمد بلور اور دیگر رہنما بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے تھے، سردار تنویر کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے وہ تو پورے نہ ہو سکے لیکن انہوں نے جو وعدہ ہمارے ساتھ کیا تھا اس کو نبھا کر اصولی سیاست کو پروان چڑھایا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اس مرتبہ پنجاب میں جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اور ہر کوئی اپنی جگہ چہ مگوئیوں میں مصروف تھا اس میں چودھری پرویزالٰہی کی بہترین حکمت عملی سے غیر معمولی مثال دیکھنے میں آئی، باقی صوبوں میں بھی سینیٹ اور دیگر قومی ایشوز پر ایسے ہی افہام و تفہیم کے جذبہ کی ضرورت ہے تاکہ سیاسی کشیدگی میں کمی آ سکے۔