ملک بھر میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئےریلیاں،دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حیدر علی ،ملک محمد اکمل)بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں اور جنگی جنون کے تناظر میں ملک بھر میں عوام کی جانب سے پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا،مری، پتوکی، عارف والا اور حافظ آباد سمیت مختلف شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مری میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان نے پاک فوج کے حق میں ایک بڑی ریلی نکالی جو جی پی او چوک سے چنار چوک تک گئی،شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اقبال اعوان نے کہا کہ "ہم نے میزائلوں کے نام بابر، غوری، غزنوی ایسے ہی نہیں رکھے، بھارت کی آبی جارحیت اس کے گلے کی ہڈی بنے گی اور انڈین مائیں اپنے بچوں کو ان ناموں کے کارنامے سنایا کریں گی۔"
پتوکی میں مسیحی برادری کی جانب سے بھی پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی اور طوطل چرچ میں خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، چرچ کے پاسٹر کرامت مسیح نے کہا کہ "ہمارے آبا و اجداد نے پاکستان بنایا، ہم اس کی حفاظت کے لیے بھی ہر قربانی دیں گے۔"
عارف والا میں بھی عوام نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جہاں فضا "پاکستان زندہ باد" اور "ہندوستان مردہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی، شہریوں کا کہنا تھا کہ "اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا،" مقررین نے جنرل عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ "پاکستان کا بچہ بچہ اپنی فوج کے ساتھ ہے۔"
حافظ آباد میں بھارت کی جانب سے مسلسل گیدڑ بھبھکیوں کے بعد شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی، شرکاء کا کہنا تھا کہ "اگر مودی کو جنگ کا شوق ہے تو پورا کر لے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔"
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کی ڈینائل حکمت عملی کامیاب،بھارتی طیارہ بردار جہاز بحیرہ عرب سے پسپا