26جولائی جب امیتابھ بچن چند منٹوں کیلئے مرگئے تھے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)26جولائی کو امیتابھ بچن کے مداح ایک سیاہ دن کے طورپریادکرتے ہیں کیونکہ اس دن بالی ووڈکے شہنشاہ چند منٹوں کیلئے مرگئے تھے۔
بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نہ صرف سلورسکرین پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ہیرو ثابت ہوئے ،26 جولائی 1982 بالی ووڈ کے لیے ایک سیاہ دن تھاجب فلم ”قلی“ کی شوٹنگ کے دوران ایک خوفناک حادثے نے نہ صرف امیتابھ بچن کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا بلکہ پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیاتھا، یہ وہ دن تھا جب امیتابھ بچن موت کے دہانے پر پہنچ گئے تھے لیکن ان کی استقامت، ڈاکٹروں کی محنت اور قدرت کی کرشماتی قوت نے انہیں نئی زندگی بخش دی۔
فلم ”قلی“ کے سیٹ پر امیتابھ بچن اور ان کے معاون اداکارپونیت اسر کے درمیان ایک ایکشن سین شوٹ کیا جا رہا تھا، پونیت نے امیتابھ کو اتنی شدت سے گھونسا مارا کہ وہ میز پر گر پڑے اور ان کی آنتوں میں شدید چوٹیں آئیں،ابتدائی طور پر درد کو معمولی سمجھا گیا مگر جب چوتھے دن تک درد ناقابل برداشت ہوگیا تو ایکسرے میں یہ بات سامنے آئی کہ ان کے اندرونی اعضاء شدید زخمی ہو چکے تھے، آنتیں پھٹ چکی تھیں اور جسم میں انفیکشن تیزی سے پھیل رہا تھا۔
ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جس کی قیادت معروف سرجن ڈاکٹر ایچ ایس بھاٹیہ کر رہے تھے، فوری طور پر آپریشن کا فیصلہ کیا، اس دوران امیتابھ بچن کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، ان کا بخار 102 ڈگری اور دل کی دھڑکن 72 سے بڑھ کر 180 ہوگئی تھی۔
آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ امیتابھ کی آنتیں بری طرح خراب ہو چکی تھیں، ان کی حالت مزید بگڑ گئی اوران کے بچنے کی کوئی امید نہیں تھی لیکن ایسی نازک صورتحال میں ڈاکٹر واڈیا آخری کوشش کے طور پر امیتابھ کو تقریباً 40 ایمپول کورٹیسون اور ایڈرینالین انجیکشن لگائے جس کے نتیجے میں امیتابھ زندگی کی طرف واپس لوٹ آئے۔
امیتابھ بچن نے برسوں بعد اپنے بلاگ پر اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں چند منٹ کے لیے طبی اعتبار سے مر چکاتھا، میں تقریباً دھند اور کوما کی حالت میں چلا گیا تھا،بریچ کینڈی میں آنے کے پانچ دنوں کے اندر میری ایک اور سرجری ہوئی اور میں بہت دیر تک اس سے باہر نہیں آ سکا ، ڈاکٹرواڈیا میری دیکھ بھال کر رہے تھے، انہوں نے صرف اتنا کہاتھا’’’میں ایک آخری خطرہ مول لینے جا رہا ہوں‘‘ اور انہوں نے مجھے ایک کے بعد ایک 40 ایمپول کورٹیسون/ایڈرینالین انجیکشن دینا شروع کر دیے اس امید کے ساتھ کہ کچھ ہو جائے گا اور پھر میں دوبارہ زندہ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں:کرشمہ اورسنجےکپورکی طلاق کیوں ہوئی تھی؟ حیران کن انکشافات سامنے آگئے
دو ماہ تک ہسپتال میں رہنے اور دو بڑے آپریشنز سے گزرنے کے بعد وہ آہستہ آہستہ صحتیاب ہوگئے اورآج وہ 82 سال کے ہیں، ان کی زندگی نہ صرف ایک فلمی ہیروبلکہ یہ ایک حقیقی زندگی کے ہیرو کی کہانی ہے جس نے زندگی کے سب سے مشکل ترین لمحات کابہادری سے سامنا کیا۔