وزیراعلیٰ کا 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان
فلم سٹی منصوبہ ملک کا پہلا مکمل’’اینڈ ٹو اینڈ‘‘ میڈیا پروڈکشن ہب ہے ، مریم نواز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤدلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا جو لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ فلم سٹی منصوبہ ملک کا پہلا مکمل’’اینڈ ٹو اینڈ‘‘ میڈیا پروڈکشن ہب ہے ،پاکستان کی فلمی صنعت کی جدید ٹیکنالوجی، سہولیات اور وسائل کے ذریعے بحالی یقینی بنائی جائے گی، فلم، ٹی وی، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی،وی ایف ایکس (VFX) اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرونِ ملک انحصار کم کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہاہے کہ جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیج اور پوسٹ پروڈکشن لیبز بھی فلم سٹی منصوبے میں شامل ہیں، شوٹنگ کے لیے مختلف تمام سہولیات، سیٹس اور مرکزی جھیل بھی بنائی جائے گی،بین الاقوامی ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے لیے کنونشن ہال قائم کیے جائیں گے،میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و میوزک اسکول بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وائٹ ہاؤس فائرنگ پر وزیراعظم کا اظہار تشویش، امریکی صدر کیلئے نیک تمنائیں
مریم نواز شریف کے مطابق فلم سٹی منصوبے سے ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جدید فلم سٹی سے اینیمیشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے فروغ پائیں گے، فلم سٹی منصوبہ تخلیقی معیشت کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے،فلم سٹی ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گااور مزید تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔