کینالز منصوبہ روکنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے،جے یو آئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(امداد بوذدار)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)نے دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کے حکومتی فیصلے کیخلاف سکھر موٹروے پر دھرنا ختم کردیا،راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ اگر 2 مئی تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو 5 مئی کو پورٹ قاسم اور 6 مئی کو کے ٹی بندر بند کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کے وفاقی فیصلے کے خلاف جے یو آئی نے دھرنا دیا،جے یو آئی نے سکھرملتان ایم فائیو موٹروے انٹرچینج کے قریب دھرنا دیا، دھرنے میں کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد موجودتھی، مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، سراج احمد شاہ امروٹی، محمد صالح انڈھڑ ،مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ عبدالحمید مہر، مولانا میر محمد میرک دھرنے میں موجود تھے۔جے یو آئی کا مطالبہ ہے کہ دریائے سندھ سے پانی کی کینالز نکالنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
جے یو آئی نے موٹروے پر دھرنا پانچ گھنٹوں بعد ختم کر دیا،راشد محمود سومرو نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر 2 مئی تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو 5 مئی کو پورٹ قاسم اور 6 مئی کو کے ٹی بندر بند کر دیں گے،ان کاکہناتھا کہ کہا جا رہا ہے کہ آپ جذباتی تقریر کرتے ہیں جو بغاوت کے زمرے میں آتی ہے، غریبوں، مسکینوں، ہاریوں، جزیروں اور معدنی وسائل کی جنگ لڑنے والا غدار نہیں بلکہ محب وطن ہے۔
جے یو آئی رہنما کاکہناتھا کہ ہمارے لیے پاکستان صرف ایک صوبے کا نام نہیں، ہم پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں،سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کو چھین کر ملک کو کمزور کیا جا رہا ہے،اپنے فیصلے واپس لو، سندھو دریا پر توجہ دو۔ چین کابل سے آتا ہے، کشمیر سے بہتا ہوا سندھ میں داخل ہوتا ہے اور جب سندھ پہنچتا ہے تو زمین اور سندھ ایک ہو جاتے ہیں۔سندھو دریا پنجاب کیلئے نہیں، سندھ کیلئے ہے۔
راشد محمود سومرو کا کہناتھا کہ کوٹری بیراج سے نیچے دریا خشک ہو چکا ہے،ڈیلٹا تباہ ہو رہا ہے، کراچی سے بدین تک دیوار کھڑی کرنے کی بات ہو رہی ہے کیونکہ میٹھا پانی نہ آنے سے سمندر زمین کو نگل جائے گا۔ہمارے پاس پینے کیلئے پانی نہیں، تو سمندر کیلئے پانی کہاں سے آئے گا؟ان کاکہناتھا کہ قمبر شہدادکوٹ میں میتوں کے غسل کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں،طاقتور افراد کی زمینیں آباد کرنے کیلئے سندھ کو خشک کیا جا رہا ہے،وزیر اعظم اور بلاول بھٹو زرداری نوٹیفکیشن کیوں جاری نہیں کر رہے؟ہم آپ کے کام بند کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔نوٹیفکیشن ایک جھٹکے میں جاری کیا جا سکتا ہے، 2 مئی زیادہ دور نہیں ہے۔