ایسی آسان عادات جو دماغ کو ہمیشہ جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں

Jun 25, 2025 | 19:59:PM
ایسی آسان عادات جو دماغ کو ہمیشہ جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)انسانی جسم میں عمر کے ساتھ تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں اور ذہنی افعال بھی تبدیل ہوتے ہیں، عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ تنزلی کا شکار ہونے لگتا ہے اور اس کا نتیجہ بڑھاپے میں الزائمر اور ڈیمینشیا جیسے امراض کی شکل میں بھی نکل سکتا ہے۔

مگر کچھ عادات عمر بڑھنے کے ساتھ ذہن کو بھی تیز بنانے میں مدد فراہم کرتی ہیں جس سے ذہنی تنزلی کا خطرہ کم ہوتا ہے، ان عادات کے ذریعے آپ عمر بڑھنے کے باوجود دماغی افعال کو مستحکم رکھنے میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

ان کو اپنا کر دماغ کو متحرک کرنا ممکن ہوتا ہے جس سے دماغی افعال میں ڈرامائی بہتری آتی ہے،اپنی مجموعی صحت کا خیال رکھیں، اگر جسم صحت مند ہوگا تو دماغ بھی صحت مند ہوگا۔

ماہرین کے مطابق جب آپ کی عمر 20 سال ہوتی ہے اور آپ رات کو کم وقت تک سوتے ہیں اور ناقص غذا کا استعمال کرتے ہیں، تو ہر گزرتے سال کے دوران جسم کے ساتھ دماغی صحت بھی متاثر ہوگی۔

سرخ گوشت اور چکنائی کا استعمال کم کریں جبکہ پھلوں، سبزیوں، گریوں، مچھلی اور زیتون کے تیل کا استعمال زیادہ کریں، ہمارا دماغ پانی کی کمی سے بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے، تحقیقی رپورٹس کے مطابق جسم میں پانی کی معمولی کمی سے بھی متعدد دماغی افعال متاثر ہوتے ہیں۔

روزانہ ایک ہی ناشتہ کھانے میں کوئی برائی نہیں یا ایک ہی راستے سے دفتر جانے سے بھی کوئی نقصان نہیں ہوتا، انسان عادات کو اپناتے ہیں اور ان سے پیچھا چھڑانا پسند نہیں کرتے، مگر کبھی کبھار کچھ نیا کرنا دماغ کے لیے بہترین ہوتا ہے۔