'تحریک عدم اعتماد ہمارا آئینی حق،  کوئی روک نہیں سکتا۔شہباز شریف

Feb 25, 2022 | 10:51:AM
تحریک عدم اعتماد ہمارا آئینی حق، فائل فوٹو
کیپشن: تحریک عدم اعتماد ہمارا آئینی حق، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد آئینی حق ہے،یہ آپشن استعمال کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

 تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ نون شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا، غربت آسمان سے باتیں کر رہی ہےایسی صورت میں تحریک عدم اعتماد ہمارا آئینی حق ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے سامنے مجھے رسوا کرنے کی کوشش کی گئی، مجھے صاف پانی میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا، کہا گیا صاف پانی کیس میں اربوں کا غبن کیا گیا، مجھ پر صاف پانی کمپنی کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، اکتوبر 2018 میں نیب نے مجھے اپنے عقوبت خانے بلایا، صاف پانی کیس میں تمام لوگوں کو باعزت بری کیا گیا، انجینئر راجہ صاحب کو گرفتار کیا گیا، کئی ماہ جیل میں رہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ صاف پانی کیس کا عدالتی فیصلہ ہم سب کی کامیابی ہے، قوم کی ایک ایک پائی بچائی ہے، سب سے کم بولی دینے والوں سے مزید پیسے کم کرائے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے کمپنی کے سی ای او، چیئرمین کو بھی نہ چھوڑا، پیپرا قانون کہتا ہے بولی دینے والے سے حکومت جوڑ توڑ نہیں کرسکتی، قوم کے اربوں بچائے، ساڑھے 3 سال سے اس جرم کی سزا بھگت رہا ہوں، غریب قوم کی ایک ایک پائی بچانے کاجرم کرتا رہوں گا، غریب قوم کیلئے ہزاروں جرم کرچکا جس میں کئی سو ارب بچائے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ 3 ہزار 300 ارب روپے 10 سال میں عوام کی خدمت کیلئے خرچ کیے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے معیشت تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، نئی لیکس میں پاکستان کے بعض لوگوں کے نام آئے، این سی اے نے سوئس بینکس میں بھی میرے اکاؤنٹس کی چھان بین کی، میرے خلاف کرپشن ثابت ہو جائے تو قبر سے نکال کر بھی تختہ دار پر لٹکا دینا، فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے چائے والے کہاں گئے ؟ عمران خان کے چائے والے کالی چائے پیتے ہیں یا دودھ والی ؟۔

یہ بھی پڑھیں:    اسلام آباد راولپنڈی میں رم جم۔ مزید کن شہروں میں بارش ہو گی