حکومت کو کیسے ہٹایاجائے، فیصلہ مل کر کرینگے، بلاول

Feb 25, 2021 | 15:49:PM
حکومت کو کیسے ہٹایاجائے، فیصلہ مل کر کرینگے، بلاول
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے کہاکہ ہم اس وقت عدم اعتماد کا کھیل نہیں کھیل رہے اور اس وقت سینٹ الیکشن پر فوکس ہے۔حکومت سے عوام تنگ آچکے انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

جاتی امرا میں مریم نواز کے ظہرانے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ملک کے ہر کونے سے ضمنی الیکشن میں حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، عوام نے ضمنی الیکشن میں حکومت کو مسترد کیا ہے یہ بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں، ضمنی الیکشن میں ثابت ہوگیا کہ عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں، اب یوسف رضا گیلانی کی جیت سے ثابت ہوگا کہ پارلیمنٹ بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے جبکہ حفیظ شیخ سے گیلانی کا مقابلہ ہمارا امتحان ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران ملک کے لئے بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم نے مل کر فیصلہ کیا کہ ہم لانگ مارچ کریں گے اور سینٹ کا الیکشن لڑیں گے، ہم مل کر ہی فیصلہ کریں گے کہ اس حکومت کو کیسے ہٹانا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا مقصد ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کرنا ہے، ضروری ہے ہر ادارہ اپنا آئینی کردار ادا کرے، امید کرتے ہیں ارکان پارلیمنٹ عوامی امیدوں کے مطابق ووٹ دیں گے اور ارکان پارلیمنٹ ٹیکنو کریٹ کو ووٹ نہیں دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جس نظام کا مقابلہ کررہے ہیں وہ سلیکٹڈ ہے اور ملک کے عوام پر مسلط کیا گیا ہے، زبردستی لوگوں کو حکومت کے ساتھ باندھا گیا ہے، جب زبردستی نہیں ہوگی تو ناجائز اور نالائق نظام ہی نہیں ہوگا تو پھر یہ حکومت ہی نہیں ہوگی۔