غیر قانونی حراست سے دس سالہ بچی کی رہائی، محلے والوں نے ون فائیو کی مدد سے ممکن بنائی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) لاہور کے فیروز پور روڈ پر واقع آبادی میں کم سن بچی نے چیخ و پکار کر کےجبری مشقت کروانے والے شخص کی غیرقانونی حراست سے رہائی حاصل کر لی۔ بچی کا شور سن کر محلہ کے رحم دل افراد نے 15 پر اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرکے بچی کو بحفاظت بازیاب کروایا ۔
لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں ایک کم سن بچی ایک مکان میں بند تھی اور روشن دان کے ذریعے مدد کے لیے آوازیں دے رہی تھیں، اہل محلہ نے بچی کی آوازوں پر توجہ دی اور صورت حال معلوم کر کے ون فائیو پر کال کی۔ مقامی تھانے سے پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر بچی کو ریسکیو کیا۔
10 سالہ عائشہ نے بتایا کہ اسے اس گھر میں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور جبری مشقت بھی لی جا رہی تھی۔ اسے کھانے پینے اور اپنے والدین سے رابطے سے بھی محروم رکھا گیا تھا۔
بعد مین پولیس نے بتایا کہ اس کیس میں ملوث ملزم کاشف اکرم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔تھانہ نشتر کالونی میں مقدمہ درج کر کے چائلڈ پروٹیکشن قوانین کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اس جبری مشقت کا شکار ہونے والی بچی کا تعلق اوکاڑہ سے ہے اور اسے دو ماہ قبل گھریلو ملازمت کے لیے یہاں لایا گیا تھا، بازیابی کے بعد بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ بچوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شہری کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔