پاکستان اور افغانستان کے مذاکرات کا اگلا مرحلہ کل ترکیہ میں ہوگا : دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ کل، 25 اکتوبر کو ترکیہ میں ہوگا۔
ترجمان کے مطابق مذاکرات کے دوران افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی پر بات ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ افغان طالبان پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان کے خدشات دور کریں اور وہ عالمی برادری کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی میزبانی ترکیہ کر رہا ہے، دوحہ مذاکرات کے تحت افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، افغانستان دوحہ مذاکرات میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف (ICJ) نے اسرائیل کو ایک بار پھر ہدایت دی ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی رسائی کو یقینی بنائے۔
یہ عدالت کا اس نوعیت کا چوتھا فیصلہ ہے، پاکستان نے اس معاملے میں تحریری اور زبانی دلائل کے ذریعے عدالت میں مؤقف پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرول کی قیمت میں اضافہ ضروری ہے تاہم یہ فیصلہ اتنا سادہ نہیں:ایرانی صدر
ایک سوال کے جواب میں، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 24 اکتوبر اقوام متحدہ کا دن اور آزاد کشمیر کا یومِ تاسیس دونوں ایک ہی دن منائے جاتے ہیں، یہ اس بات کی علامت ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی مسئلہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو واضح کرتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارتی خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہے، آزاد کشمیر کو لاحق بھارتی خطرات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
بھارت زور زبردستی سے کشمیر کی حدود پر قبضہ نہیں کر سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔