آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

Nov 24, 2023 | 20:11:PM
آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
کیپشن: 'ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی ایک خواب تھا جو سچ ثابت ہوا‘۔
سورس: ای ایس پی این
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رانا آذر، احمد رضا) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر 34 سالہ عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

عماد وسیم نے 55 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 5 نصف سنچریوں کی بدولت 986 رنز بنائے جبکہ 44 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

عماد وسیم نے پاکستان کی طرف سے 66 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 486 رنز بنائے اور 65 وکٹیں حاصل کیں۔

34 سالہ آل راؤنڈر نے اپنے آٹھ سالہ انٹرنیشنل کریئر کا آغاز مئی 2015 میں زمبابوے کیخلاف کیا تھا اور 55 ون ڈے انٹرنیشنل اور 66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 109 وکٹیں حاصل کیں اور1472 رنز بنائے۔وہ 2017کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اس کے علاوہ انہوں نے2016 اور 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور2019 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تمام وقت سپورٹ کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔121 میچوں میں کھیلنا درحقیقت خواب کو حقیقت میں بدلنے والی بات ہے۔اب یہ وقت نئے کوچز اور نئی قیادت کے ساتھ آگے بڑھنے کا ہے جن کے لیے وہ نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور وہ ٹیم کو آگے بڑھتے دیکھنا اور کامیابی حاصل کرتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔ پاکستانی شائقین کا شکریہ جنہوں نےہمیشہ انہیں سپورٹ کیا۔اب ان کی توجہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ہٹ کر اپنے کریئر کے اگلے مرحلے پر ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ عماد وسیم پاکستان کی کرکٹ میں ایک قیمتی اثاثہ رہے ہیں ۔ وائٹ بال کرکٹ میں ان کی کارکردگی ٹیم کی کامیابی میں اہم رہی ہے۔ہم ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں تاہم انہیں ہم یاد رکھیں گے ۔ 
ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف  سے پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات پر عماد وسیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔