شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات،بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کرنے پر چئیرمین پی پی پی کو خراج تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج ملاقات کی، بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی امریکہ اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وزیرِ اعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نےسفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر، پاکستان کے موقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں : آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ شیری رحمن، ڈاکٹر مصدق ملک، محترمہ حنا ربانی کھر، سینیٹر بشری انجم بٹ ، سینیٹر فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر اور جناب جلیل عباس جیلانی اور محترمہ تہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکہ، یو کے اور یورپ میں پاکستان کے موقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس کا اعتراف ہورہا ہے۔ الحمدللہ ۔بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا ۔وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، قوم کی دعاؤں اور ہماری بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اُٹھانا پڑی.وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ 2025-26 میں تنخواہ داروں سمیت سب طبقات کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے : بجٹ سازی میں تمام اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ آپ سب کی راہنمائی، تعاون اور تجاویز سے ہم داخلی اور خارجی چیلنجز میں سرخرو ہوں گے۔ انشاء اللہ
عشائیے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی طلحہ برکی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کا ایرانی صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ،مسعود پیزیشکیان نے اصولی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا