کراچی: دو افراد نوجوان لڑکی کی لاش ہسپتال چھوڑ کر فرار

Jun 24, 2023 | 19:09:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہ زیب حسین) ڈیفنس میں نوجوان لڑکی مبینہ طور پر پارٹی کے دوران نشے کی زیادتی سے دم توڑگئی، دو افراد جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش جناح اسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

جناح اسپتال میں صبح تقریبا ساڑھے سات بجے ایک مرد اور لڑکی بیس سالہ نوجوان خاتون کو مردہ حالت میں لے کرآئے اور پولیس کے پہنچنے سے قبل 7 بجکر 42 منٹ پر کار میں فرار ہوگئے۔

شعبہ ایمرجنسی کے کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے میں ان کی کار اور تصویریں بھی محفوظ ہیں، اسپتال کی ایمرجنسی میں خاتون نے اپنا نام سحرش جبکہ مرد نے جبران بتایا تھا اور یہ بھی بتایا تھا کہ مردہ خاتون کی عمر بیس سال ہے اوراس کا نام عائشہ زوجہ کاشف ہے، عملے کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیفنس میں ایک پارٹی کے دوران عائشہ نے زیادہ مقدار میں منشیات کا استعمال کیا تھا۔

چھ گھنٹے بعد لاش کا جناح ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا، پولیس سرجن ڈاکٹرسمعیہ نے پوسٹ مارٹم کے بعد بتایا کہ لاش پر کسی طرح کے تشدد کے کوئی نشانات موجود نہیں، کیمیائی تجزیے کی رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت سامنے آسکے گی جبکہ لاش کی شناخت کیلئے انگوٹھے کے نشانات بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: اوکاڑہ، سرکاری ہسپتال میں ٹک ٹاکر نرس کا مریضوں سے ہتک آمیز سلوک

ذرائع جناح اسپتال سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ خاتون کو موت سے قبل زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، لاش پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانہ منتقل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب متوفی لڑکی کی ساس ثوبیہ کا بیان سامنے آیا ہے کہ عائشہ برتھ ڈے پارٹی کا کہہ کر گئی تھی، لڑکی کا شوہر نشے کا عادی ہے، میڈیا پر لڑکی کو دیکھ کر شناخت کیا۔

فوٹیجز میں موجود کار کے رجسٹریشن نمبر بی ایکس پی 708 کے ذریعے پولیس کار مالک کے گھرگولیمار پہنچی اور اسے حراست میں لے لیا تاہم کار مالک ندیم ولی نے بیان دیا ہے کہ اس نے کار کرائے پر دی تھی، کار حاصل کرنے والے کے نمبر اور دیگر تفصیلات سے ندیم ولی نے پولیس کوآگاہ کردیا ہے، پولیس اس تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق دستیاب معلومات سے یہ معاملہ ابھی تک پارٹی میں نشے کے استعمال کا ہی لگ رہا ہے، پارٹی کدھرہوئی، کون کون تھا یہ سب معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی عائشہ کی والدہ گلستان جوہر کی رہائشی ہے اور وہ ڈیفنس کے ایک بنگلے میں پارٹی کرنے آئی تھی، بنگلے کے مالک کی تلاش جاری ہے، لڑکی نشے کی زیادتی سے ہلاک ہوئی ہے، لڑکی کو ہسپتال چھوڑ کر فرار ہونے والی خاتون سحرش اور جبران نامی شخص کی گرفتاری کی کوشش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ مقتول نوجوان لڑکی کے ٹک ٹاک پر 4 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور متعدد ویڈیوز بھی موجود ہیں۔