شدید برفباری سےنظام زندگی مفلوج،چترال میں برفانی تودہ گرنے سے 9افراد جاں بحق،پاک فوج کا ریسکیو آپریشن
بلوچستان میں پائپ لائنوں میں پانی جم گیا ،آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید برفباری متوقع ،این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں شدید برفباری، لینڈ سلائیڈنگ اور یخ بستہ موسم نے نظامِ زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ، لوئر چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9افراد جاں بحق ،پاک فوج کا ریلیف آپریشن، مسافروں کو ریسکیو کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے پہاڑوں پر کئی کئی فٹ برف سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
دیر کلکوٹ: تقریباً 33 انچ برفباری ہوئی ہے pic.twitter.com/XL8NnUzSJy
— Kumrat Valley (@kumratvalley) January 24, 2026
بالائی و شمالی علاقوں میں اگلے 2 دن تک مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری ہو گی۔
چترال میں افسوسناک واقعہ
لوئر چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9افراد جاں بحق ہو گئے ،برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ملبے کے نیچے دب گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر چترال کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں، حادثے میں ایک بچہ ملبے تلے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب، شدید برفباری سے تباہی
میڈیا رپورٹس اور پی ٹی وی کے مطابق آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں وادی نیلم، سدھنوتی، باغ، ہٹیاں بالا، اٹھ مقام اور اپر نیلم میں گزشتہ رات سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مظفرآباد میں کئی برس بعد برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ وادی نیلم میں تین مکانات گر گئے۔ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں بند اور بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا، متعدد علاقوں میں پولز گرنے اور تاریں ٹوٹنے سے گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی معطل ہے۔
پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، مسافر محفوظ
شدید برفباری کے باعث ضلع حویلی میں ایمبولینس سمیت تقریباً 25 گاڑیاں برف میں پھنس گئیں، پاک فوج نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 32 مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ ایمبولینس میں موجود دو میتیں بھی نکال لی گئیں۔ گاڑیوں میں مجموعی طور پر تقریباً 100 افراد سوار تھے۔
شدید برفباری اور یخ بستہ ہوائیں، پاک فوج کے جوانوں کا پاک افغان سرحد پر مسلسل گشت #snowfall #PakArmyZindabad #PakistanArmy #duty #DiscoverPakistan pic.twitter.com/cXTFSuzZ7y
— Discover Pakistan TV (@DiscoverpakTv) January 24, 2026
خیبرپختونخوا میں سڑکیں بند، سیاحوں کا داخلہ روک دیا گیا
خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، وادی کاغان میں رابطہ سڑکیں بند ہونے پر انتظامیہ نے سیاحوں کا داخلہ بند کر کے انہیں بالاکوٹ میں روک لیا، دیربالا، کمراٹ، لواری ٹنل، باجوڑ اور شانگلہ ٹاپ میں بھی برفباری سے راستے بند رہے، شانگلہ ٹاپ میں 22 گھنٹے سے برف میں پھنسے 4 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا، ملاکنڈ میں کئی برس بعد برفباری ہوئی، بعض مقامات پر درخت سڑکوں پر گر گئے۔
Snowfall in Nathagali ❄️
— Discover Pakistan ???????? | پاکستان (@PakistanNature) January 24, 2026
Video by @TehsinRazi pic.twitter.com/qX0Okm8NuZ
گلگت بلتستان، شاہراہِ قراقرم بند، استور منقطع
گلگت بلتستان میں شدید برفباری کے باعث چلاس اور اپر کوہستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہِ قراقرم مختلف مقامات پر بند ہو گئی، جس سے سیکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں، استور میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج اور ضلع کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ راما میڈوز، دیوسائی، نانگا پربت اور برزل ٹاپ میں 5 سے 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ مشرف چوک میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی، ہنزہ اور نگر میں بھی رابطہ سڑکیں بند ہیں، وادی چیپورسن میں خیموں میں مقیم زلزلہ متاثرین کو شدید سردی کا سامنا ہے۔
این ڈی ایم اے کا الرٹ، مزید برفباری کا امکان
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر 23 سے 29 جنوری تک الرٹ جاری کر دیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید برفباری متوقع ہے، خاص طور پر گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا میں، ادارے نے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا ہائی الرٹ
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق اتوار رات سے منگل تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے خدشے کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Heaven on earth
— Pakistan Tourism (@PakistanJannatt) January 23, 2026
Beautiful Pakistan
Nathiagalli after heavy snowfall pic.twitter.com/mRZMNHx6Rc
بلوچستان میں شدید سردی، پانی منجمد
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی بالائی بلوچستان میں برفباری رکنے کے باوجود سائبرین ہواؤں کے باعث خون جما دینے والی سردی برقرار ہے، کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں گھروں کی پائپ لائنوں میں پانی جم گیا، شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
این 50 ژوب ہائی وے کئی مقامات پر بند جبکہ زیارت جانے والے سیاحوں پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ اور این ایچ اے کی جانب سے نمک پاشی اور برف ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسمی انتباہات پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔