آسٹریلین کرکٹ ٹیم اب بہترین نہیں رہی، گریم سوان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)انگلینڈ کی ٹیم فروری میں بھارت کا دورہ کرے گی اور 5 فروری سے دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ اس حوالے سے انگلینڈ کے سابق آف اسپنر گریم سوان نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھارت کو اب اسکے گھر میں شکست دینا ایشیز جیتنے سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سوان نے کہاکہ اب انگلینڈ کی ٹیم کی کارکردگی کا فیصلہ ایشیز سے نہیں کیا جاسکتا۔ انگلینڈ کو اب ایشیز سے ہٹ کر سوچنا چاہئے کیونکہ آسٹریلیا اب دنیا کی بہترین ٹیم نہیں ہے۔ ہندوستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو اسی کے گھر میں 4 میچز کی ٹسٹ سیریز میں 1-2 سے شکست دیکر آسٹریلیا میں مسلسل دوسری مرتبہ ٹسٹ سیریز جیتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے حالیہ کارکردگی کے مدنظر اسے اسکے گھر میں ہرانا ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ بھارت کی سپن بالنگ کےحملے کا سامنا کرنے کیلئے انگلینڈ کو صحیح حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ سوان نے کہاکہ اگر آپ دنیا کی بہترین ٹیم بننا چاہتے ہیں تو بن کر دکھائیں، صرف آسٹریلیا کو شکست دینے کی کوشش نہ کریں۔ میرے خیال میں بھارتی ٹیم کو بھارت میں شکست دینا ایک بڑی بات ہے۔ ہندوستانی ٹیم گزشتہ 8 سال سے اپنے ملک میں انگلینڈ سے نہیں ہاری ہے۔ ہم نے انہیں 2012 میں شکست دی تھی۔ ہم بھارت کو تب تک شکست نہیں دے پائیں گے جب تک سپن بالر وکٹیں حاصل نہیں کریں گے۔ سوان نے 2012 میں ہندوستان کے خلاف 1-2 سے جیتنے والی ٹسٹ سیریز کے بارے میں کہا کہ اس وقت ہمارے پاس کیون پیٹرسن جیسا بہترین بلے باز تھا۔