روہت شرما نے ون ڈے میں رنز بنانے کا ریکارڈ بنا کر گنگولی کو پیچھے چھوڑ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سنچری بنانے سے محروم رہے، لیکن اس میچ میں انہوں نے سابق کپتان سورو گنگولی کو پیچھے چھوڑ کر ون ڈے کرکٹ میں بھارت کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے ثابت کر دیا کہ ان میں اب بھی کافی کرکٹ باقی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے دوسرے ون ڈے میں مشکل حالات میں نصف سنچری بنائی۔ روہت شرما نے آسٹریلیا کی تیز تند گیند بازی کا سامنا کرتے ہوئے صبر کا مظاہرہ کیا اور وکٹ پر ڈٹے رہے ۔انہوں نے 97 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 2چھکے لگائے۔روہت شرما جس طرح ٹک کر بلے بازی کررہے تھے اس سے ایسا لگ رہا تھا کہ وہ سنچری بنا لیں گے، لیکن پل شاٹ پر وہ اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔روہت شرما نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈز بھی بنائے، سورو گنگولی کو پیچھے چھوڑ کر ون ڈے کرکٹ میں بھارت کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ جیسے ہی ممبئی کے دائیں ہاتھ کے بلے باز نے دوسرے میچ میں 46 رنز کا ہندسہ عبور کیا، انہوں نے گنگولی کے 11,221 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔
گنگولی نے 1992 سے 2007 تک بھارت کے لیے 308 ون ڈے کھیلے، اس دوران انہوں 297 اننگز میں مجموعی طور پر 11,221 رنز بنائے۔ دوسری طرف یہ میچ روہت شرما کا بھارت کیلئے 275 واں ون ڈے ہے۔ بھارت کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں اب وہ صرف سچن ٹنڈولکر (18,426) اور ویرات کوہلی (14,181) سے پیچھے ہیں۔
آسٹریلیا میں کھیلے گئے انڈیا۔آسٹریلیا ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی، سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی اور اسٹیو اسمتھ کا نمبر آتا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سابق بلے باز ویو رچرڈز کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ روہت شرما اب SENA ممالک میں 150 چھکے لگانے والے پہلے ایشیائی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زلزلے کے شدید جھٹکے ،ہر طرف خوف وہراس پھیل گیا