صدرآذربائیجان کا وزیر اعظم کو خط، یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) صدرآذربائیجان الہام علیوف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا کر یوم پاکستان پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تذویراتی شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کااظہارکیا ہے۔
صدر علیوف نے خط میں کہا ہے کہ معیشت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹک، توانائی، سرمایہ کاری، دفاعی صنعت اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں ہماری کامیاب مشترکہ کاوشیں ہمارے تعلقات کیلئے کلیدی اہمیت رکھتی ہیں،عالمی امور پر پاکستان اور آذربائیجان کا موقف اور باہمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کا اظہار ہے،پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات جامع ترقی سے جڑے ہیں جن کی بنیادیں باہمی ثقافتی اقدار اوریکجہتی سے مزین اور احترام اور اعتماد پر محیط ہیں۔
صدر آذاربائیجان نے کہاہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین اعلیٰ سطح دورے، ملاقاتیں اور رابطے ہمارے تعلقات میں نمایاں اضافے کا واضح اشارہ ہیں، ہم باہمی اعتماد، مفاہمت اور اخلاص پر مبنی مفید ملاقاتوں کو سراہتے ہیں جو گزشتہ ماہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے آذر بائیجان کے سرکاری دورہ کے موقع پر ہوئیں،ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کے تعاون کی مثبت سمت کا تعین کریں گے۔
صدر علیوف نے مزید کہا ہے کہ انشا اللہ پاکستان اور آذربائیجان مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیں گے،پاکستان اور آذربائیجان کے مابین روایتی دوستی اور تذویراتی شراکت داری اطمینان بخش ہے، اس سے دونوں ممالک کے بھائی چارے پر مبنی تعلقات اور عوامی اتحاد مزید مستحکم ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کیلئے صحت اور کامیابیوں اور پاکستان کے برادر عوام کیلئے امن ، خوشحالی اور بہتری کیلئے دعا گو ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نےافغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی گرفتاری پر انعام ختم کردیا