ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات ، علاقائی تعاون پر غور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر زرداری نے حالیہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارتکاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی یکجہتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسائل کے پائیدار حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو مؤثر ذریعہ سمجھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم اُمہ کا اتحاد اور خلیجی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم ستون ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران مشکل حالات میں پاکستان کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، سکیورٹی اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
ملاقات کے دوران صدر زرداری نے ایرانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ٰیہ بھی پڑھیں :ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات