پاکستان اور بنگلا دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان اور بنگلا دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا اورتعلقات بڑھانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ڈھاکہ میں بنگلا دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی، محسن نقوی کا وزارت داخلہ آمد پر بنگلا دیشی ہم منصب نے پرتپاک خیرمقدم کیا، گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا،پاکستان اور بنگلا دیش کے وزراء داخلہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بنگلا دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر پاک بنگلا دیش دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی، پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، بنگلا دیش کا اعلی سطح کا وفد عنقریب سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا،ملاقات کے دوران انسداد منشیات و انسداد انسانی سمگلنگ کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پولیس اکیڈمیوں میں ٹریننگ پروگرامز کے باہمی تبادلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
بنگلا دیشی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے کہا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کا دورہ پاک بنگلا دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے،بنگلا دیشی وزیر داخلہ نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پرپاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔