چورچور کا شور مچانے والا چوڑ پکڑا جاچکا : راناثنااللہ

Jan 23, 2021 | 12:20:PM
چورچور کا شور مچانے والا چوڑ پکڑا جاچکا : راناثنااللہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما  رانا ثناء اللہ  کا کہنا ہے کہ  تین سال سے چور چور کا شور مچانے والا چور پکڑا جاچکا، ان کا اعتراف جرم الیکشن کمیشن میں موجود ہیں، اب ان کو سزا دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا،فارن فنڈنگ پر چلنے والی جماعتوں پر ہمیشہ کیلئے پابندی لگائی جائے۔

  لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد بھی آپشن ہے جو ان کے خلاف لائی جاسکتی ہے، اگر اتحادی پیچھے ہٹے تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی آسکتی ہے۔راناثنااللہ نے کہا چینی ،آٹا اور ادویات ملک سے غائب ہوگئی ہیں، یہ چور ٹولہ آٹا چینی اور ادویات چوری کرتا رہا ہے جبکہ براڈ شیٹ کا مالک بھی چور ہے وہ ان سے ملا ہوا ہے،  یہ وہ لوگ ہیں جو چوروں کو بھی لوٹنے والے ہیں۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی اور بھارتی لابی سے پیسہ لے کر یہاں لگایا گیا۔سلیکٹڈ ٹولے کیخلاف جلد عدالتوں میں مقدمات چلیں گے، اب چوروں کا یوم حساب آ چکا ہے،  ایک ایک پیسے کا حساب لیا جائے گا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اے این ایف میں میرے کیس کو پونے دو سال ہوگئے، جعلی اور جھوٹا مقدمہ سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیا، وزیراعظم کے حکم پر میرے خلاف یہ مقدمہ بنایا گیا، ابھی تک مقدمے کی کاپیاں تک فراہم نہیں کی گئیں، تمام جعلی مقدمات صرف ایک حکم سے ختم ہو جائیں گے، وہ وقت آنے والا ہے، جب یہ تمام مقدمات ختم ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے اور پھلنے والی جماعت ہے، یہ فنڈنگ صرف غیر ملکی نہیں بلکہ ملک دشمنوں سے لی گئی، پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کو استعمال کیا، انہوں نے اسرائیلی اور انڈین لابی سے پیسہ وصول کرکے اپنے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کا اعتراف جرم موجود ہے۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف پوری قوم آواز اٹھائے گی، شیخ رشید ایک بار پھر نواز شریف سے معافی مانگیں گے۔