امریکا کی غیر قانونی تارکینِ وطن کیلئے رضاکارانہ واپسی پر 3 ہزار ڈالر کی پیشکش

Dec 23, 2025 | 09:05:AM
امریکا کی غیر قانونی تارکینِ وطن کیلئے رضاکارانہ واپسی پر 3 ہزار ڈالر کی پیشکش
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امریکی محکمۂ داخلی سلامتی (DHS) نے تعطیلات کے موسم میں ایک نئی ترغیبی سکیم کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت امریکا میں موجود غیر قانونی تارکینِ وطن کو رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس منصوبے کے مطابق، جو تارکینِ وطن سال کے اختتام تک CBP Home موبائل ایپ کے ذریعے خود کو رضاکارانہ طور پر واپس جانے کے لیے رجسٹر کریں گے، انہیں 3,000 ڈالر کی مالی امداد اور حکومت کی جانب سے وطن واپسی کا فضائی ٹکٹ فراہم کیا جائے گا۔

 امریکی محکمۂ داخلی سلامتی (DHS) کے مطابق اس پروگرام میں شامل افراد کو ویزا مدت ختم ہونے یا ملک نہ چھوڑنے سے متعلق سول جرمانوں اور سزاؤں میں بھی معافی دی جا سکتی ہے۔

محکمۂ داخلی سلامتی کی سیکرٹری کرسٹی نوم نے کہا کہ یہ ترغیب گزشتہ مالی امداد کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہے اور اس کا مقصد امریکا میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی تعداد میں کمی لانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوری 2025 سے اب تک قریباً 19 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن رضا کارانہ طور پر امریکا چھوڑ چکے ہیں، جبکہ دسیوں ہزار افراد نے CBP Home پروگرام سے فائدہ اٹھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وینزویلا کےصدر مدورو کو زیادہ دن اقتدار میں نہیں رہنے دینگے:امریکا

امریکی محکمۂ داخلی سلامتی نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر واپسی کا انتخاب نہیں کریں گے، انہیں گرفتاری، جبری ملک بدری اور مستقبل میں امریکا میں داخلے پر طویل پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، رضاکارانہ واپسی کے پروگرام حراست اور جبری ملک بدری کے مقابلے میں کم خرچ اور مؤثر متبادل ہیں۔