وزیراعلیٰ پنجاب کا چلڈرن ہسپتال لاہور کا دورہ، طبی و دیگرسہولیات کےفقدان پر برہمی کا اظہار

Aug 23, 2023 | 18:34:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا طویل دورہ کیا،  طبی و دیگرسہولیات کےفقدان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر کو آخری وارننگ دے دی۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا طویل دورہ کیا، سیکرٹری صحت، وائس چانسلر چلڈرن یونیورسٹی ڈاکٹر مسعود صادق ، ایم ڈی ڈاکٹر ٹیپوسلطان اور دیگرحکام بھی ہمراہ موجود تھے، ہسپتال میں طبی و دیگرسہولیات کےفقدان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر کو آخری وارننگ جاری کر دی۔

ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات کیے گئے تھے، بعض وارڈز میں اے سی بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کا براحال ہوا پڑا تھا۔مریضوں نے محسن نقوی سے ادویات ،آپریشن کیلئے ضروری اشیا ء باہر سے خریدنے کی شکایات کیں، اس کے علاوہ واش روم کی ابتر صورتحال، گندی بیڈشیٹس ،مریضوں کو چکر لگوانے کی شکایات بھی کیں۔  زیر علاج 2بچوں کی ماؤں نے آپریشن کیلئے سامان باہر سے منگوانے کی شکایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں کیا کرتے ہیں؟بابراعوان نے اندر کی خبر سنا دی

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو خریدی گئی ادویات، اشیاء کی رقم واپس کرنے اور  مریضوں ،تیمارداروں کو علاج معالجے کیلئے ہر سطح پرگائیڈ کرنے کا حکم جاری کیا۔ وہ طبی و دیگرسہولتوں کےفقدان پر شدید برہم ہوئے، انہوں نے میڈیکل ڈائریکٹر کو آخری وارننگ دیتے ہوئے ہسپتال میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کاحکم دیا اور میڈیکل ڈائریکٹرکوروزانہ کی بنیاد پر وارڈز میں سہولتیں بہتر بنانےکی ہدایت دی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب بیٹے کے علاج کیلئے آئے سب انسپکٹر امانت کے پاس رُکے، وزیراعلیٰ پنجاب نے بچے کے علاج معالجے بارے دریافت کیا، انہوں نے اینڈوکرنالوجی وارڈ کےکوریڈور میں لگے اے سی کووارڈ میں شفٹ کرنے، سٹور میں موجود بیڈ شیٹس کو استعمال میں لانے  اور فوری طور پر گندی بیڈشیٹس کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال کی او پی ڈی،استقبالیہ کاؤنٹر، لیب سوشل ویلفیئر آفس، واش رومز ،معذور بچوں کے واش رومز کا معائنہ کیا، اس کے علاوہ بچوں کے پلے ایریا، اینڈو کرونالوجی وارڈ، بچہ سرجری وارڈ کا بھی دورہ کیا، آئی وارڈ، ای سی جی روم، یورالوجی و نیورو وارڈکا معائنہ کیا، استقبالیہ کاؤنٹر پر مشین سے خود ٹوکن لیکر رجسٹریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ آتشزدگی سے متاثرہ میڈیکل سٹور کا بھی معائنہ کیا اور سٹور کی جلد بحالی کےحوالے سے احکامات دیئے۔

وزیر اعلیٰ نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کیساتھ شفقت کا اظہار کیا، بچوں کے والدین سے طبی سہولتوں ،مفت ادویات کی فراہمی بارے استفسار کیا، جس پر انہوں نے بچوں کےعلاج کے حوالے سے ڈاکٹرز سے معلومات لیں اور بہترین میڈیکل سروسزفراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سوشل ویلفیئر آفس میں مریضوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا، اس کے علاوہ ڈاکٹرز کے   کیفے ٹیریا میں کھانے کابھی معیار چیک کیا۔