جاوید لطیف کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کے حکم کیخلاف نیب اپیل خارج

Aug 23, 2023 | 11:07:AM
جاوید لطیف کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کے حکم کیخلاف نیب اپیل خارج
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کے حکم کیخلاف نیب کی اپیل خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق جاوید لطیف کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کے حکم کیخلاف نیب اپیل پر سماعت ہوئی،اس موقع پر عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ہائیکورٹ کا حکم 3 جولائی کی ترمیم سے پہلے کا ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے نیب قانون سے متعلق اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جولائی میں ہونے والی نیب ترامیم مشکوک ہیں، 3 جولائی کو کی گئی نیب ترامیم عدالتی فیصلوں کے متصادم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوال جواب کیلئے بلائے گئے بندے کو جیل میں کیسے ڈالا جاسکتا ہے؟ نیب قانون 2001 تک ڈریکونین تھا، نیب قانون میں ریمانڈ کا دورانیہ کم کرنے اور ضمانت دینے کی ترامیم اچھی ہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نیب قانون کی تشریح عدالتی فیصلوں اور آئین کے تناظر میں ہی ہوسکتی ہے، عدالت میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کو گرفتاری سے پہلے مطلع کرنے کا فیصلہ خلاف قانون ہے، 3 جولائی 2023 کی ترمیم کے بعد دوران انکوائری بھی گرفتاری ہوسکتی ہے۔

پراسیکیوٹر رضوان ستّی نے کہا کہ نیب ترمیم کا اطلاق ماضی سےکیا گیا ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ جاوید لطیف کا مقدمہ انکوائری اسٹیج پر تھا، اس وقت گرفتاری نہیں ہوسکتی،چھوڑیں جی ان باتوں کو،اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم 3 جولائی کی ترمیم سے پہلے کا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں: ڈالر کتنے کا ہو گیا؟،انٹر بینک سے اہم خبر آ گئی