عمران صاحب آپ کے احمقانہ فلسفے بہت ہوگئے اب گھر جائیں، مریم اورنگزیب

Apr 23, 2021 | 21:16:PM
عمران صاحب آپ کے احمقانہ فلسفے بہت ہوگئے اب گھر جائیں، مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب غریب اور کمزور کا پیٹ جھوٹوں اور وعدوں سے نہیں بھرتا، عمران صاحب بیان اور لیکچر دینے سے نہ معیشت ٹھیک ہوتی ہے نہ روزگار ملتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب گھر میں روٹی اور روزگار ہو گا تو سیاحت ہو گی۔آپ کے انتقامی سیاسی بیانیے اور مدینہ کی پاک ریاست کے نام پرآپ کی جھوٹی منافقانہ سیاست عوام نے مسترد کردی ہے ۔عمران صاحب آپ کی رنگ برنگی جھوٹی تقریروں سے غریب کا پیٹ بھرتا ہے اور نہ لوگوں کو روزگار ہی ملتا ہے۔عمران صاحب زبانی جمع خرچ سے سیاحت کو فروغ نہیں ملتا، نہ معیشت ٹھیک ہوتی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب جس سٹرک پر آپ سفر کرکے جاتے اور پھر سیاحت کے فروغ کی جھوٹی باتیں کرتے ہیں، وہ نوازشریف نے بنائی تھی ۔نوازشریف نے بہترین سڑکیں بنائیں تاکہ سیاحت کا فروغ اور عوام کو روزگار مل سکے ۔نوازشریف نے بیانات نہیں دئیے بلکہ عملی کام کیا ، عوام سے جو وعدہ کیا ، اسے پورا کردکھایا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مہنگائی 3 فیصدکی کم ترین اور معاشی ترقی 6 فیصد کی بلند ترین سطح پر لا کر دکھائی ۔عمران صاحب جھوٹے الزامات اور آپ کا جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہر ٹرائل میں سروخرو ہوئی۔عمران صاحب سیاحت کا فروغ ہو، درآمد یابرآمد ہو، معیشت کی بحالی، عوام کا روزگاریا مہنگائی میں کمی ہو، یہ سب مسلم لیگ (ن) نے کیا ہے اور کرے گی ۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ انشااللہ نوازشریف ، شہبازشریف کی قیادت میں اب مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر قوم کو 2018 والاپرامیدروشن پاکستان واپس دے گی۔نوازشریف کی قیادت میں ایک بار پھر معیشت واپس 6 فیصد پر واپس لائیں گے ۔نوازشریف کی قیادت میں ایک بار پھرعوام کے روزگار کا بندوبست کریں گے جس طرح ہم نے پہلے کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے یوٹرن نہیں لیا بلکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ، مفت دوا، علاج ، تعلیم ، ترقی سمیت تما م وعدے پورے کئے ، پھر کریں گے ۔نوازشریف نے آٹا 35، چینی 52 روپے کلو عوام کو دے کر وعدے پورے کئے، مہنگائی کم کی ،نوازشریف نے 14000 میگاواٹ بجلی بنائی اور قوم سے وعدہ پورا کیا ۔نوازشریف نے سستی بجلی اور گیس سے عوام کی مدد کی، سی پیک لا کر دکھایا۔
نوازشریف نے کشمیر کا تحفظ کرکے دکھایا ، آپ کی طرح کشمیریوں کو دھوکہ نہیں دیا ۔نوازشریف نے باتیں نہیں کیں، ملک کو ایٹمی قوت بنا کر دکھایا ہے ۔نوازشریف نے پانچ سال میں چالیس لاکھ نوکریاں دے کر دکھایا ہے ۔نوازشریف اور شہباز شریف نے میٹروز، موٹروےزاور ملک بھر میں ترقی کرکے دکھائی ہے ۔نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر عوام اور ملک کی قسمت بدل کر دکھائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا کا خوف۔۔بڑی با لی وڈ شخصیات بھارت چھوڑنے لگیں