وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقررو تبادلے، افضل لطیف عہدے سے مستعفی

Oct 22, 2025 | 23:05:PM
وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقررو تبادلے، افضل لطیف عہدے سے مستعفی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں جبکہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے رکن افضل لطیف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے.

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر اور ممبر فیڈرل پبلک سروس کمیشن افضل لطیف کی جانب سے دیا گیا استعفیٰ 31 اگست 2025ء سے منظور کیا گیا ہے.

صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد ان کے استعفے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، دوسری جانب بیوروکریسی میں کئے گئے تقرر و تبادلوں کے مطابق عامر محی الدین کے بطور سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن اضافی چارج میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے جو 15 اکتوبر 2025ء سے مؤثر ہوگی۔

عامر محی الدین اس وقت نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، اسی طرح گریڈ 21 کے افسر اعجاز غنی کو پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے.

جوائنٹ سیکریٹری خزانہ ڈویژن عظمت حسین خان کو او ایس ڈی بنا کر ان کی خدمات اٹیچمنٹ کی بنیاد پر پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے سپرد کی گئی ہیں۔

مزید برآں، جوائنٹ سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن شہزاد احمد کا تبادلہ کر کے انہیں جوائنٹ سیکریٹری دفاع ڈویژن تعینات کیا گیا ہے اور تقرری کے منتظر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کے نبیل احمد میمن کی خدمات ڈیپوٹیشن پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ علی حسن قریشی کو  سیکشن افسر وزارت داخلہ تعینات کیا گیا ہے.

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق، فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ (کینٹ اینڈ گیریژن) ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی میں تعینات محکمہ امورِ کشمیر (آزاد حکومت جموں و کشمیر) کی لیکچرار فرح خالد کی خدمات میں 2 سال کی توسیع کی گئی ہے، خدمات کی مدت 12 فروری 2024 سے 2  برس کیلئے مزید بڑھا دی گئی ہے.

دوسری جانب او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رشید احمد شاہ راشدی کو بین الصوبائی رابطہ ڈویژن میں سیکشن افسر تعینات کیا گیا ہے، علاوہ ازیں سیکشن افسر بین الصوبائی رابطہ ڈویژن سید صداقت علی کو او ایس ڈی بنا کر  ان کی خدمات پاکستان ورچوئل اثاثہ ریگولیٹری اتھارٹی کے سپرد کر دی گئی ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں.