یورپ اور ایشیا کو ایران پر امریکی ایٹمی حملے کا خطرہ تھا:برطانوی خبر ایجنسی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) برطانوی خبر ایجنسی نے لکھا ہے کہ یورپ اور ایشیا کو ایران پر امریکی ایٹمی حملے کا خطرہ تھا۔
برطانوی خبرایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایرانی تہذیب اجاڑنے کا مطلب ایٹمی حملہ لیا گیا تھا، یورپی ممالک نے امریکی محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا تھا جس پر محکمہ خارجہ نے یورپ کو واضح جواب نہیں دیا۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ امریکی حملے کے خطرے کے باعث برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے سخت بیان تیار کر لیا تھا، اسی شام صدر ٹرمپ نے ایران سے جنگ بندی کا اعلان کیا۔
دوسری جانب برطانیہ کی میری ٹائم ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں خطرے کی انتہائی سنگین سطح برقرار ہے۔
جاری بیان میں یو کے ایم ٹی او نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز، خلیج عمان اور بحیرہ عرب میں خطرے کی سطح بدستور انتہائی سنگین ہے، اس اہم آبی راستے سے گزرنے والی ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے، خطے میں بحری قزاقی کا خطرہ بھی شدید سطح پر برقرار ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ 21 اپریل سے 2 مئی کے درمیان پکڑے گئے 3 تجارتی جہاز اب بھی حراست میں ہیں، 2 مئی کو یمن کے ساحل سے 10 میل کے فاصلے پر آئل ٹینکر کو قبضے میں لے کر صومالی پانیوں کی طرف موڑ دیا گیا تھا تاہم اس کی موجودہ صورتحال کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
مزید برآں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے راستوں میں بارودی سرنگوں کی موجودگی اور سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹمز میں مداخلت بھی مسلسل جاری ہے، باب المندب اور خلیج عدن کے قریبی علاقوں میں تجارتی بحری ٹریفک مستحکم ہے اگرچہ حوثیوں کی جانب سے بیانات اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔