کورونا کے باعث نافذ پابندیاں دو ہفتے تک برقرار رہیں گی:مراد علی شاہ

May 22, 2021 | 13:29:PM
عید کے بعد کورونا کیسز کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے
کیپشن: عید کے بعد کورونا کیسز کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پش نظر موجودہ پابندیوں کو دو ہفتے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کاروباری اوقات کار رات 8 بجے سے تبدیل کر کے 6 بجے کر دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِصدارت کراچی میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، ڈاکٹرز، چیف سیکریٹری، آئی جی، کمشنر کراچی و دیگر نے شرکت کی۔وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس میں بتایا کہ سندھ میں کل سب سے زیادہ 24 ہزار 299 کورونا وائرس کے نمونوں کی جانچ کی گئی۔ پیر سے دکانیں 8 کے بجائے شام 6 بجے تک کھلیں گی۔ ڈپارٹمنٹل سٹورز بھی 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جانچ کے نتیجے میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 136 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اس وقت سندھ میں تشخیص کی شرح 8.8 فیصد ہے، جبکہ 13 مئی کو یعنی عید کے دن کورونا کے 1 ہزار 232 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اجلاس کو بتایا کہ 19 مئی کو 2 ہزار 76 کورونا کیسز اور 21 مئی کو 2 ہزار 136 کیسز رپورٹ ہوئے۔جس پر وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عید کے بعد کیسز کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔سیکریٹری صحت سندھ کاظم جتوئی نے اجلاس کو بتایا کہ 15 سے 21 مئی تک کراچی میں 13.97 فیصد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، حیدر آباد میں 10.83 فیصد کیسز جبکہ باقی اضلاع میں 5.40 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ہفتہ وار رپورٹ کے حساب سے کراچی کے ضلع شرقی میں 15 فیصد کورونا کیسز ہیں، ضلع وسطی میں 13 فیصد، ملیر اور غربی میں 10 فیصد کیسز، حیدر آباد میں 11 فیصد اور سکھر میں 8 فیصد کورونا کیسز ہیں۔

سیکریٹری صحت نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 30 دنوں میں صوبے میں 213 کورونا مریض انتقال کر چکے ہیں، انتقال کرنے والے 164 مریض وینٹی لیٹر پر تھے، جبکہ 26 مریض گھروں پر تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ کو اب تک کورونا وائرس کی 10لاکھ 7 ہزار سینو فارم ویکسین، 47 ہزار کین سینو، 4 لاکھ 85 ہزار سینو ویک اور 1 لاکھ 7 ہزار 500 اسٹرازینیکا ویکسین موصول ہو چکی ہیں۔
 یہ بھی پڑھیں:    لاہور ایئرپورٹ:بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کی طبی جانچ شروع