سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

Mar 22, 2023 | 11:38:AM
وزارت توانائی نے وزیراعظم کے احکامات پر سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) وزارت توانائی نے وزیراعظم کے احکامات پر سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے جس کے بعد وزارت توانائی نے سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، سحر کے اوقات سے ایک گھنٹہ قبل اور ایک گھنٹہ بعد میں زیرولوڈ مینجمنٹ ہوگی جب کہ افطار کے اوقات میں ایک گھنٹہ قبل اور 3 گھنٹے بعد زیرو لوڈ مینجمنٹ ہوگی۔

وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے آپریشن سرکل کی سطح پر کنٹرول روم قائم ہوں گے، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پر شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمرز خرابی کی صورت میں اضافی ٹرانسفارمر اور ٹرالیاں دستیاب ہوں گی۔