”سحر“ پروگرام کے اجرا کا مقصد خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے: مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پنجاب کی بیٹیوں کیلئے”سحر پروگرام“:حکومتِ پنجاب نے خواتین کو ہنرمند اور معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے “سکل انہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ پروگرام” (سحر) کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی عام خواتین کو گھر بیٹھے جدید پیشہ ورانہ اور مارکیٹ سے ہم آہنگ ہنر سکھائے جائیں گے، تاکہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
پروگرام کا مجموعی تخمینہ 97 کروڑ روپے سے زائد بتایا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں 5365 خواتین کو مختلف پیشہ ورانہ مہارتیں سکھائی جائیں گی، اس منصوبے کا مقصد خواتین کو ہنرمند افرادی قوت کا حصہ بنا کر انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
سحر پروگرام کے تحت دور دراز، نیم شہری اور شہری علاقوں کی خواتین کو بیوٹیفکیشن سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی جائے گی، ہاسپٹیلٹی کے شعبے میں کل 1260 خواتین کو آئی تھم اور پی ڈی سی پی کے اشتراک سے تربیت دی جا رہی ہے، جس میں کلنری آرٹس، بیکنگ، گیسٹ ریلیشن، فرنٹ ڈیسک اور ایئر لائن مینجمنٹ جیسے کورسز شامل ہیں۔
اسی طرح لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں ابتدائی مرحلے کے تحت ہاسپٹیلٹی ٹریننگ بیچ مکمل کیا جا چکا ہے، بیوٹیفکیشن کورسز کے تحت 2060 خواتین کو نیل بار کے تعاون سے ہیر اسٹائلنگ، سکن کیئر، میک اپ اور نیل آرٹ کی تربیت دی جا رہی ہے۔
ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے تحت 2040 خواتین کو چھ ماہ کا خصوصی تربیتی کورس فراہم کیا جائے گا، جو پی ایس ڈی ایف کے اشتراک سے جاری ہے، اس کورس میں ای کامرس پلیٹ فارمز جیسے دراز اور شوپی فائی، انگلش لینگویج، پروڈکٹ ریسرچ اور فنانشل لٹریسی کی تربیت شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسلسل 4 چھٹیاں
حکومت پنجاب کی جانب سے سحر پروگرام کی ٹرینی خواتین کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکج اور ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بہتر طریقے سے اپنی تعلیم اور تربیت مکمل کر سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کی خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور اگر خواتین مضبوط ہوں گی تو صوبہ اور ملک ترقی کرے گا،”سحر“ پروگرام کے اجرا کا مقصد خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیوہ، مستحق اور اقلیتی خواتین کو پروگرام میں خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ تربیت مکمل کرنے والی خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
حکومت کے مطابق سحر پروگرام صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے مثبت نتائج آئندہ برسوں میں سامنے آئیں گے۔