پاکستان رینجرز اورپولیس کی خفیہ کارروائی،اغواء برائے تاوان میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمدمنصور) پاکستان رینجرز (سندھ) اور اے وی سی سی پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی سے اغواء برائے تاوان میں ملوث 2 ملزمان سجاد عثمان عرف بابو اور حداد احمد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک عدد جعلی نمبر پلیٹ لگی ویگو گاڑی اور موبائل فونز برآمد کر لیے گئے،سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرفتار ملزمان نے مورخہ 17 فروری 2026 کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ عزیز آباد سے اسلحہ کے زور پر تاجر کو اغواء کیا بعدازاں مغوی تاجر کو جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی ویگو گاڑی میں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
گرفتار ملزمان نے انٹرنیشنل نمبر سے دھمکی آمیز کالز کے ذریعے لواحقین سے مغوی کی بازیابی کے عوض ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا جس کی ایف آئی آر تھانہ عزیز آباد میں درج ہے۔
واقع کی اطلاع ملنے پر پاکستان رینجرز (سندھ) اور اے وی سی سی پولیس نے تکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے مشترکہ کارروائی میں گلشن اقبال کے علاقے سے مغوی تاجر کو باحفاظت بازیاب کروا لیا۔
اغواء کاروں نے فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم تعاقب کے بعد دو ملزمان کو پی آئی بی کالونی سے گرفتار کر لیا گیا،ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ ویگو گاڑی اور دیگر برآمدگی قانونی کارروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں،آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمہ کیلئے افغان عوام کی پاکستان کے ساتھ مکمل حمایت