پاکستانی حقیقی آزادی کیلیے جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں: عمران خان

Feb 22, 2023 | 10:44:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ سارے پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں اپنی حقیقی آزادی کے لیے جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں۔

جیل بھرو تحریک کے حوالے سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ آپ کو ادھر لے جائے گا جہاں ایک آزاد اور خوشحال پاکستان ہوگا، یہ تب ہو گا جب ایک ریاست آپ کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک ایک جہاد کا نام ہے، آزادی کا نام ہے، جتنا زیادہ آپ جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے اتنے جلدی ہم اپنے مقصد تک پہنچیں گے۔

ادھر عمران خان کی کال پر تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز آج سے ہوگا۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہراہ قائداعظم چیئرنگ کراس پر گرفتاری پیش کریں گے۔

سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس آج گرفتاری دیں گے۔ محمد خان مدنی، فواد رسول بھلر سمیت 200 کارکنان بھی گرفتاری دیں گے۔ گرفتاری کے موقع پر پی ٹی آئی کے اہم مرکزی رہنما اور سینکڑوں کارکن بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد آج جیل روڑ پر گرفتاریاں دینے والے رہنماؤں کے اعزاز میں تقریب کریں گی۔ گرفتاریاں دینے والے رہنما اور کا رکن جیل روڑ سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں چیئرنگ کراس آئیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک بارے پنجاب حکومت نے بھی حکمت عملی طے کرلی۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کر دیا گیا۔

لاہور کی جیلوں میں مزید قیدیوں کی گنجائش نہ ہونے پر گرفتار شدگان کو میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں منتقل کرنے کا امکان ہے۔ گرفتاری دینے والے لوگوں کا کریمینل ریکارڈ چیک کیا جائے گا، گرفتار شدگان کے ٹیکس اور بینک ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ بدعنوانی یا کریمینل کیس میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔