اگر تحریک انصاف حکومت سے بات نہیں کرنا چاہتی تو حکومت کو بھی پرواہ نہیں;زاہد خان

Dec 22, 2025 | 23:41:PM
اگر تحریک انصاف حکومت سے بات نہیں کرنا چاہتی تو حکومت کو بھی پرواہ نہیں;زاہد خان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما زاہد خان نے کہا ہےکہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ تحریک انصاف سے مذاکرات کیے جائیں لیکن تحریک انصاف حکومت سے بات نہیں کرنا چاہتی تو حکومت کو بھی پرواہ نہیں۔
 24نیوز کے پروگرام ’’گونج مسعود رضا کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے زاہد خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آج کہہ رہی ہے کہ ملاقاتیں نہیں کرائی جا رہی اور مقدمے درج کیے جارہے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں سب سے زیادہ انتقامی سیاست کی ہے،رانا ثناء سے لے کر مریم نواز تک کو جیل میں ڈالا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی کی بہن کی ملاقات کرائی گئی تھی لیکن جو وعدہ کیا گیا تھا،وہ پورا نہیں کیا گیا اور باہر آکر انہوں نے جو باتیں کی وہ سب کے سامنے ہیں، ایک کمیٹی تحریک انصاف کے دور میں بھی بنائی گئی تھی جو آرٹی ایس بیٹھنے کی تحقیقات کے لیے تھی جس کو اسد قیصر ہیڈ کر رہے تھے،11 مہینے تک اس کی ایک میٹنگ بھی نہیں ہوئی تھی،تحریک انصاف کے بہت سے رہنما مذاکرات کے حامی ہیں لیکن ان کا خیال ہے کہ اگر انہوں نے یہ بات کی تو گالم گلوچ بریگیڈ ان کے پیچھے پڑ جائے گی۔

زاہد خان نےمزید  کہا کہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ تحریک انصاف سے مذاکرات کیے جائیں لیکن تحریک انصاف حکومت سے بات نہیں کرنا چاہتی تو حکومت کو بھی پرواہ نہیں  ۔
پروگرام میں شامل تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین یوسفزئی نے کہا کہ امن کانفرنس کا جو علامیہ جاری کیا گیا ہے ہم نے اس میں واضح لکھا ہے کہ اس وقت  ملک کو ایک نئے میثاق جمہوریت کی جتنی ضرورت ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، ہم سیاسی لوگ ہیں،سیاسی بات چیت پر یقین رکھتے ہیں لیکن ہم یہ بات چیت پاور پالیٹکس کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن کانفرنس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو مدعو کیا گیا تھا،جے یو آئی ایف کو بھی دعوت دی گئی تھی جس پر انہوں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن وہ کسی وجہ سے نہیں آسکے ،ہم اس حکومت کو نہیں مانتے ان کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے لیکن پھر بھی ہم ان کو کہتے ہیں کہ حکومت میں ہوتے ہوئے بھی اس طرح کا پروگرام کر کے دکھائیں لیکن آپ نہیں کر سکتے اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ آپ کے ساتھ نہیں جڑ رہے،اس کی وجہ یہ کہ لوگ آپ کی آئینی حیثیت کو بخوبی جانتے ہیں ۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق اٹارنی جنرل احمد اویس نے کہا کہ حکومت سے جب بھی مذاکرات کی کوشش ہوئی حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی،حکومت کو کھلے دل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، تحریک انصاف مزاکرات کے لیے پہلے بھی اور اب بھی تیار ہے، حکومت اگر آگے نہیں بڑھتی تو نقصان حکومت کا ہی ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ تحریک انصاف اس وقت مشکلات کا شکار ہے،اس کے لیڈر اور کارکنان پریشان ہیں لیکن حکومت کو یہ نہیں پتہ کہ وہ جتنا ظلم کر رہی ہے،لوگ تحریک انصاف کے اور قریب آرہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں : 26ویں ترمیم اتفاق سے ہوئی،27ویں ترمیم یکطرفہ ہوئی ہے؛مولانا فضل الرحمان