ہر عمر میں دماغ کو جوان رکھنے میں مددگار آسان ترین عادت

Sep 21, 2025 | 19:31:PM
ہر عمر میں دماغ کو جوان رکھنے میں مددگار آسان ترین عادت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)کیا آپ عمر بڑھنے کے باوجود دماغ کو زیادہ تیز اور بہتر بنانا چاہتے ہیں؟ تو یہ کوئی مشکل کام نہیں۔

بس سائیکل چلانا شروع کر دیں۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ سائیکل چلانے کی عادت عمر میں اضافے کے ساتھ دماغی تنزلی سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ سائیکل چلانے سے ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ 19 فیصد جبکہ الزائمر امراض کا خطرہ 22 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 4 لاکھ 80 ہزار کے قریب افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل بھی مختلف تحقیقی رپورٹس میں جسمانی سرگرمیوں کو ڈیمینشیا کے خطرے سے منسلک کیا گیا ہے۔

2024 کی ایک تحقیق میں جسمانی سرگرمیوں کو ان 14 عناصر میں سے ایک قرار دیا گیا جن سے دماغی تنزلی کا خطرہ 55 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ 
محققین نے بتایا کہ اگرچہ آبادی کی سطح پر سفری انتخاب سے صحت پر مرتب اثرات متعلق زیادہ کام نہیں ہوا مگر تحقیقی رپورٹس میں اکثر بتایا گیا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی طرح کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق آپ کے سفر کرنے کا طریقہ کار ڈیمینشیا کے خطرے اور دماغی ساخت کی تبدیلیوں پر اثرانداز ہوتا ہے۔

تحقیق میں شامل افراد کی عمریں 40 سے 69 سال کے درمیان تھی اور ان سے سوالنامے بھروا کر معلوم کیا گیا کہ وہ کس طرح سفر کرنا پسند کرتے ہیں۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 13 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا اور اس عرصے میں 8845 افراد میں ڈیمینشیا اور 3956 میں الزائمر امراض کی تشخیص ہوئی۔ 
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چہل قدمی اور تیز رفتاری سے چہل قدمی سے الزائمر کا خطرہ 6 فیصد جبکہ الزائمر امراض کا خطرہ 14 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ سائیکل چلانے سے دماغی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے اور الزائمر و ڈیمینشیا کا خطرہ سب سے زیادہ کم ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق سائیکل چلانے سے دماغ کے اس حصے کو فائدہ ہوتا ہے جو یادداشت اور سیکھنے سے جڑا ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق درحقیقت ہفتے میں ایک بار سائیکل چلانے سے بھی دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مچھروں کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں؟ سائنسدانوں نے آسان طریقہ جان لیا

دیگر کیٹیگریز: ٹاپکس - سائنس
ٹیگز: