اگر افغانستان نے بگرام ائیر بیس واپس نہ دی تو سنگین نتائج ہوں گے: ٹرمپ کی دھمکی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ میں امریکی ثالثی کا ذکرکر دیا،ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ انہوں نے تجارت سے پاک بھارت جنگ روکی۔
ورجینا میں تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 7 جنگیں رکوا چکا ہوں، اسرائیل ایران جنگ بھی رکوائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک اب بھی روس سے تیل خرید رہے ہیں، مختلف ممالک پر ٹیرف عائد کرنے سے امریکا کو فائدہ ہورہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آٹزم سے متعلق اہم اعلان پیر کے روز کیا جائے گا۔
دوسر ی جانب امریکہ پھر افغانستان میں واپسی کےلئے پر تولنے لگا ،صدر ٹرمپ نے افغانستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بگرام ایئر بیس اُن لوگوں کو واپس نہیں دی گئی جنھوں نے اسے بنایا یعنی امریکا تو بہت برا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے یہ بیان اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کی ایک پوسٹ میں لکھا اور بعد ازاں صحافیوں سے بھی اسی اشارے میں بات کی، جس میں اُنھوں نے بگرام کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔
2021 میں امریکی انخلا کے بعد بگرام ایئر بیس طالبان کے کنٹرول آگئی جبکہ طویل عرصے تک یہ ایئر بیس امریکی آپریشنز کا مرکز رہی۔
اس ایئر بیس کی بحالی یا امریکی دسترس دوبارہ حاصل کرنے سے متعلق ٹرمپ نے افغانستان کو بڑی دھمکی دی کہ اگر یہ ایئر بیس امریکا کو واپس نہ دی تو بہت برا ہوگا۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان انسداد دہشتگردی کارروائیوں پر مذاکرات ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آئی فون 17 کی پاکستانی مارکیٹ میں انٹری، قیمتیں بھی سامنے آگئیں
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان اور کابل میں افغان سرکاری ذرائع نے فی الفور اس مطالبے کی مخالفت کی، افغان حکام کا کہنا ہے کہ کابل مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن امریکا کو وسطی ایشیائی ملک میں فوج کی تعیناتی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بگرام کی دوبارہ واپسی یا بحالی عملی طور پر پیچیدہ اور مہنگی ثابت ہو سکتی ہے، اس میں بڑے فوجی وسائل اور خطّے میں طویل مدت کے دفاعی انتظامات درکار ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کو بگرام ایئربیس کو کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے تھا اور اب اسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے افغانستان سے مذاکرات جاری ہیں جبکہ آج صدر ٹرمپ نے افغانستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر بگرام ایئر بیس واپس نہ دی تو بہت برا ہوگا۔