’’ایک ہیرو… اور ایک بیانیے کی جنگ‘‘
تحریر ؛زین مدنی حسینی
Stay tuned with 24 News HD Android App
دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹریوں میں شامل بالی ووڈ نے ایک بار پھر سیاست، سنسنی اور بیانیے کے کھیل کو فلمی اسکرین پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تازہ ترین پراجیکٹ میں بھارت نے کراچی کے معروف پولیس افسر، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اہم کردار، ایس پی اسلم چوہدری کی زندگی اور کارروائیوں پر مبنی فلم بنایی ہے دھریندر جس کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے ۔
یہ اقدام صرف ایک فلمی پروڈکشن نہیں بلکہ ایک بیانیے کی جنگ بھی ہےجس میں سرحد کے اُس پار بیٹھا میڈیا اپنے ایجنڈے کو “سینما” کے ذریعے پیش کرنے کا ماہر ہے۔
کراچی میں دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑے ایس پی اسلم چوہدری کو پاکستان کے شہری ایک دلیر اور نڈر افسر کے طور پر یاد کرتے ہیں۔
ان کی زندگی کے گرد اتنی شدت، خطرہ اور ایکشن تھا کہ ایک فلمی کردار خود بخود موجود تھا۔
ان کی بہادری پر کسی کو شک نہیں، مگر ان کی شخصیت کے اردگرد کئی سوالات، تنقیدیں اور الزامات بھی موجود رہے—اور یہی وہ جگہ ہے جہاں بالی وڈ کو “ڈرامہ” ملتا ہے۔بھارتی فلم انڈسٹری کا ریکارڈ یہی بتاتا ہے کہ جب بھی پاکستان یا اس کے اداروں کی بات آئے، تو فلمیں حقیقت سے زیادہ “ہندوستانی بیانیہ” دکھاتی ہیں۔
خوف، دہشت اور جذبات کو اس طرح جوڑا جاتا ہے کہ آخر میں ہیرو صرف بھارتی پرچم نظر آئے اور ولن لازمی پاکستانی کردار ہو۔
ایسے میں یہ خطرہ موجود ہے کہ ایس پی اسلم چوہدری جیسے پاکستانی ہیرو کو بھی فلمی اسکرین پر اپنے اصل تناظر سے ہٹا کر دکھایا جائے۔
فلم میں ممکنہ طور پر کراچی کی گلیاں، پولیس مقابلے، گینگ وار اور دہشت گردی کا ماحول دکھایاگیا ہے مگر سوال یہ ہے کہ
کیا اس شہر کے پیچیدہ حالات کو وہ لوگ صحیح سمجھ پائیں گے جو پاکستان کو صرف ایک “خبری سرخی” کے طور پر جانتے ہیں؟
اور کیا اسلم چوہدری کی قربانیاں کسی متوازن انداز میں پیش کی جائیں گی یایہ بات بھی طے ہے کہ بالی ووڈ ایسی کہانیوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنے بیانیے کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ اسلم چوہدری کون تھے، کس بہادری سے لڑے، اور کس مشکل ماحول میں کام کیا۔
ان کی شخصیت فلمی اسکرپٹ سے کہیں زیادہ حقیقی، خطرناک اور بہادر تھی۔
اگر بالی ووڈ حقیقت پر مبنی فلم بناتا ہے تو یہ اچھی بات ہے—لیکن اگر اسے سیاسی رنگ دیا جاتا ہے تو یہ پھر ایک اور مثال ہوگی کہ کس طرح سینما کو پروپیگنڈے کا آلہ بنا دیا جاتا ہے۔
ایس پی اسلم چوہدری ایک پاکستانی ہیرو تھے، ہیں، اور رہیں گے۔
فلمیں ہمیشہ سچ نہیں دکھاتیں، مگر تاریخ بہت کچھ محفوظ رکھ لیتی ہے