وزیراعظم آزادکشمیر کی آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد، بھارت پر کڑی تنقید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی عسکری قیادت، عوامی اتحاد اور تحریکِ آزادی کشمیر کے حوالے سے اہم نکات اٹھائے، خطاب میں انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی جانب سے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے اپنی بہترین جنگی حکمت عملی سے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے شہداء کے لیے ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا جو ان کی شفقت اور جذبہ یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کل مظفرآباد تشریف لائیں گے، جہاں وہ شہداء کے ورثا اور زخمیوں سے ملاقات کریں گے۔
چوہدری انوار الحق نے بھارتی جارحیت اور پراکسی حملوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرے اندازے کے مطابق عارضی جنگ بندی کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان سے بدلہ لینے کی کوشش کرے گا، اور میرے بیان کے ایک ہفتے بعد خضدار میں بچوں پر بم حملہ کرایا گیا،انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بھارت کے ڈرون گزشتہ 15 دنوں سے روزانہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو کراس کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قضیہ کشمیر کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں،ایل او سی ہماری فرسٹ لائن ڈیفنس ہے، اور کشمیری اگلے مورچوں پر ملک کا دفاع کر رہے ہیں،ہماری افواج بھارت کو گھس کر ماریں گی، اور اللہ نے میرے الفاظ کی لاج رکھی۔
انہونں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو "خوفزدہ شخص ہے ،ایک ارب کا وزیراعظم، 45 لاکھ کی آبادی والے وزیراعظم آزادکشمیر کے بیانیے سے خوفزدہ ہے، بھارت کا 5 اگست 2019 والا خواب چکنا چور ہو چکا ہے اور ان کا اربوں روپے پر مبنی جعلی بیانیہ زمین بوس ہو چکا ہے۔
حکومت آزاد کشمیر نے شہداء کے ورثاء کو بروقت معاوضہ فراہم کیا،زخمیوں کو تمام ضروری سہولیات اور مالی امداد مہیا کی گئی ہے،وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ شہداء کے درجات بلند کرے اور زخمیوں کو صحت یاب فرمائے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا نظام تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد پر قائم ہے،ہمیں ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کرنا ہو گا،ہمیں اتحاد اور اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنا ہے،یہاں حب الوطنی کے جذبے کو شکست نہیں دی جا سکتی۔
مزید برآں ،انہوں نے اعلان کیا کہ کزن میرج سے قبل میڈیکل ٹیسٹ سمیت دیگر حساس معاشرتی امور پر فوری قانون سازی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے والے وفد کی قیادت سونپنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا،ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کا درد، جینا اور مرنا سانجھا ہے،تحریک آزادی کشمیر کو اپنے خون سے سینچیں گے اور منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی چین اور افغان ہم منصب سے ملاقات،سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق