سرکاری اداروں کی نجکاری، حکومت نے آئی ایم ایف سے پلان شیئر کردیا

May 21, 2025 | 12:56:PM
سرکاری اداروں کی نجکاری، حکومت نے آئی ایم ایف سے پلان شیئر کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ سے قومی اداروں کی نجکاری کا سارا پلان شیئر کردیا۔

حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے مالی سال کےبجٹ پر مشاورت حتمی مراحلے میں داخل ہوگئی ہے، آئی ایم ایف نے سرکاری اداروں کی نجکاری تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

نجکاری کمیشن حکام نے دوران بریفنگ بتایا کہ رائٹ سائزنگ کا عمل دسمبر 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا، قومی ایئر لائن کی نجکاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دورکر دیں، پی آئی اے کی نجکاری بھی اسی سال مکمل ہونے کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کو بتایا گیا کہ ٹیکس واجبات،منفی ایکویٹی سے متعلق سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کردیئے گئے ہیں،یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی فلائٹس پر پابندی کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے مالی مشیر مقرر کردیا،اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنیوں کی نجکاری ہوگی،تینوں تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری دسمبر 2005 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں حیدرآباد، سکھر،پشاور الیکٹرک کمپنیوں کی نجکاری ہوگی،نندی پور پاور پلانٹ کی نجکاری جنوری 2026 میں شیڈول ہے،نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کیلئے ٹرانزیکشن اسٹرکچر پر کام جاری ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:جنرل عاصم منیرکی بطورفیلڈ مارشل تعیناتی کی تائید: پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

فرسٹ ویمن بینک،ایچ بی ایف سی کی نجکاری میں بھی پیش رفت ہوئی ہے، منافع بخش سرکاری کمرشل اداروں کی نجکاری اولین ترجیح ہے، سرکاری اداروں میں حکومتی اثر کم کرکے نجی سرمایہ کار لانا ترجیح قراردی گئی ہے۔