ینگ ڈاکٹرز مریض کے طبی معائنے،جدید علاج اورتشخیص پر خصوصی توجہ دیں:پروفیسر فاروق افضل 

پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور نالج اپ ڈیٹ رکھنے کیلئےٹریننگ نا گزیر ہے:پرنسپل اے ایم سی 

Jun 21, 2025 | 16:22:PM
ینگ ڈاکٹرز مریض کے طبی معائنے،جدید علاج اورتشخیص پر خصوصی توجہ دیں:پروفیسر فاروق افضل 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر فاروق افضل نے کہاہے کہ میڈیکل ایجوکیشن نہ صرف ڈاکٹرز کے ذہنوں کو روشن کرتی ہے بلکہ پوری انسانیت کیلئے زندگی،اُمید اور بہتری لاتی ہے۔

امیرالدین میڈیکل کالج کے زیر اہتمام "سمر کلینیکل انہانسمنٹ اینڈ ریسیس ٹیشن  ٹریننگ "کی اختتامی تقریب میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسرفاروق افضل نے کہاکہ میڈیکل سٹوڈنٹس کے لئے سمر کیمپ کا انعقاد اُن کی پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانے اور تشویش ناک مریضوں کی جان بچانے کی تربیت (ریسیس ٹیشن) اُن کی عملی زندگی میں دورس نتائج کی حامل ہوتی ہے اورمیڈیکل پروفیشن میں آنے والوں کو اپنی پیشہ وارانہ استعدادکار اور نالج کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے مسلسل رہنمائی اور ٹریننگ کی ضرورت نا گزیر ہے۔

پانچ روزہ سمر کلینیکل کیمپ میں ایم بی بی ایس فائنل ائیر کے 100 سٹوڈنٹس شریک ہوئے،میڈیکل ٹیچرز نے سمر کیمپ میں اے ایم سی کے طلبا و طالبات کو تشویشناک حالت میں آنے والے مریضوں کی جان بچانے کے لئے "ریسیس ٹیشن" اورمختلف شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی، مختلف شعبوں کے پروفیسرز نے سٹوڈنٹس کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے مستقبل میں انہیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے رہنما اصولوں اور پروفیشنلز سکلز بارے تفصیلی روشنی ڈالی۔

 پروفیسر فاروق افضل کااس موقع پر کہنا تھا کہ کورس کا مقصد مستقبل کے ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے،انہوں نے نوجوانوں پر پر زوردیا کہ وہ مریضوں کے طبی معائنے، جدید طریقہ علاج اور تشخیص کے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دیں، میڈیکل ایجوکیشن صرف ایک پیشہ ورانہ تعلیم نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا ذریعہ ہے،یہ علم، مہارت اور اخلاقیات کا ایسا امتزاج ہے جو کسی بھی ملک کے لیے ناگزیر ہے،میڈیکل ایجوکیشن ایک ایسی روشنی ہے جو نہ صرف ڈاکٹرز کے ذہنوں کو روشن کرتی ہے بلکہ پوری انسانیت کے لیے زندگی، اُمید اور بہتری کا پیغام بھی لاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آنت کے کینسر سے متاثرہ جگر کا کامیاب ٹرانسپلانٹ،خاتون کو شوہر کا جگر لگادیا گیا

کورس میں لیکچر دینے والوں میں پروفیسر فرح شفیع، پروفیسر ندرت سہیل،پروفیسر محمد شاہد،پروفیسرارشد چیمہ، پروفیسر آفتاب محسن،پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر عاکف دلشاد،پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر خرم سلیم، پروفیسر شاندانہ طارق، پروفیسر آمنہ جاوید،پروفیسر آمنہ احسن چیمہ، ڈاکٹر شبنم محمد علی، ڈاکٹر عندلیب،ڈاکٹر کلیم اللہ، ڈاکٹر سعید،ڈاکٹر عافیہ،ڈاکٹر حسن سلمان ملک، ڈاکٹر محمد مقصود اور دیگر شامل تھے جنہوں نے طلبا کو لیکچرز اور عملی تربیت فراہم کی۔

 پروفیسر فاروق افضل نے کامیاب کورس کے انعقاد پر کورس کی ڈائریکٹر پروفیسر فرح شفیع اور کوآرڈینیٹر ڈاکٹر بشریٰ اعظم ہاشمی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی میڈیکل سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری رکھیں گی،تقریب کے اختتام پر سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔