تیندوا مٹھائی کی دکان میں گھس آیا، 10 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد پکڑا گیا

Jan 21, 2026 | 10:57:AM
تیندوا مٹھائی کی دکان میں گھس آیا، 10 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد پکڑا گیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک)بھارت کے وفاقی زیرِ انتظام خطے دامَن میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک تیندوا نانی دامَن کے مصروف مارکیٹ ایریا میں واقع مٹھائی کی دکان میں داخل ہو گیا۔ محکمہ جنگلات کے عملے نے تقریباً 10 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد تیندوے کو بحفاظت قابو کر لیا۔

محکمہ جنگلات کے مطابق منگل کے روز صبح تقریباً 11:30 بجے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک تیندوا نانی دامَن کے بازار میں واقع مٹھائی کی دکان میں گھس آیا ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور جنگلاتی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر عوام کی آمد و رفت بند کر دی گئی۔

 ریسکیو آپریشن کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تیندوا عمارت کی تیسری منزل کی سیڑھیوں پر بیٹھا ہوا تھا، ریسکیو ٹیم نے جانور کو قابو میں لانے کے لیے ٹرانکولائزنگ گنز، جال اور پنجرہ استعمال کیا۔ تاہم تیندوا خاصا جارحانہ تھا اور اس نے متعدد بار جنگلاتی اہلکاروں پر حملے کی کوشش کی۔

آپریشن کے دوران محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار معمولی زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، حکام کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر گجرات کے ولساڑ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کیا گیا۔ مہاراشٹر کے دھانو سے ریپڈ ریسکیو ٹیم طلب کی گئی۔

 بعد ازاں دھانو کی ٹیم نے تیندوے کو ٹرانکولائز ڈارٹ کے ذریعے بے ہوش کیا اور پھر اسے پنجرے میں منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران ضلع کلکٹر سوربھ مشرا سمیت دیگر سینئر حکام بھی موقع پر موجود رہے اور پوری کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔

 حکام کے مطابق تیندوا گزشتہ دو دنوں سے دامَن کے شہری علاقوں میں دیکھا جا رہا تھا۔

 مٹھائی کی دکان میں داخل ہونے سے قبل پیر کی شب اسے دھوبی تالاب کے قریب بھی دیکھا گیا تھا۔