بنوں میں پاک فوج کی گاڑی پر خودکش حملے کا تعلق بھی افغانستان سے نکلا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بنوں میں پاک فوج کی گاڑی پر خودکش حملے کا تعلق بھی افغانستان سے نکلا۔ بنوں خودکش حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج کے ذیلی گروہ اتحاد المجاہدین نےقبول کرلی۔
سیکیورٹی ذرائع بتا رہے ہیں کہ خوارجی دہشتگردوں کے گروہ "اتحاد المجاہدین" کا تعلق فتنہ الخوارج کے گل بہادر گروپ سے ہے۔ اس گروہ کا مرکزی سرغنہ گل بہادر اور اس کے دیگر دہشت گرد افغانستان میں بیٹھے ہوئے ہیں، گل بہادر گروپ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی اور فتنہ انگیزی میں ملوث ہے۔
ذرائع کے مطابق 4 مارچ 2025 کو رمضان کے روزے کے دوران بھی اسی گروہ نے بنوں کینٹ پر حملہ کیا تھا، ایک سال پہلے والے دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان سے ہوئی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع گل بہادر گروپ کی تخریبی سرگرمیوں کے متعلق مزید بتا رہے ہیں کہ 2 ستمبر 2025 کو فیڈرل کانسٹیبلری بنوں میں فتنہ الخوارج نے حملہ کیا تھا، اس حملے میں میجر عدنان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔
میر علی سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں متعدد حملوں کی ذمہ داری اس گروپ نے قبول کی، ان حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری بھی افغانستان سے کی گئی تھی۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کا حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حافظ گل بہادر سمیت فتنہ الخوارج کے مرکزی سرغنے افغانستان میں موجود ہیں، دہشت گردوں کی موجودگی افغان سرزمین کے دہشتگردی کیلئے استعمال کا ثبوت ہے، دہشتگردوں کو افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد عناصر افغان نژاد یا افغانستان سے مربوط نیٹ ورکس سے تعلق رکھتے ہیں، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی سرپرستی خطے میں امن کی کوششوں کو مسلسل سبوتاژ کر رہی ہے۔