بے قابو بس موڑ کاٹتے گہری کھائی میں جاگری،21افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق مسافروں سے بھری ایک بس تیز موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
حادثہ پیر کی صبح ضلع ادھم پور کے قریب کانوٹ گاؤں کے مقام پر پیش آیا، مقامی انتظامیہ کے مطابق 42 نشستوں والی بس میں 60 سے زائد افراد سوار تھے، جو رام نگر سے ادھم پور جا رہے تھے، بس ایک خطرناک موڑ پر آٹو رکشہ سے ٹکرانے کے بعد سڑک سے پھسل گئی اور تقریباً 100 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
ریسکیو حکام کے مطابق 19 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ مزید 2 زخمی اسپتال میں جانبر نہ ہو سکے، حادثے میں تقریباً 45 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں اور طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا صرف جغرافیہ ہی نہیں، حال اور مستقبل بھی مشرق وسطیٰ سے وابستہ ہے: رضوان سعید شیخ
بھارت میں ٹریفک حادثات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ شمار ہوتی ہے، جہاں ہر سال ہزاروں افراد سڑک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زیادہ تر حادثات تیز رفتاری، خستہ حال سڑکوں، ناقص گاڑیوں اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے باعث پیش آتے ہیں۔