بلدیاتی انتخابات: پیپلز پارٹی کا لاہور کی تمام یوسیز سے مکمل پینل میدان میں اتارنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے رہنما فیصل میر نے کہا ہے کہ پارٹی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں صوبائی دارالحکومت کی ہر یونین کونسل سے مکمل پینل میدان میں اتارے گی۔
فیصل میر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے عمل پر اثر انداز ہونے کی کسی بھی کوشش کیخلاف سخت مزاحمت کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کے اجلاس میں کیا، اجلاس میں مجید غوری، خرم فاروق ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
فیصل میر نے کہا کہ پارٹی ایسے امیدوار سامنے لائے گی، جو معاشرے کے ہر طبقے کی نمائندگی کرتے ہوں تاکہ عوامی نمائندگی حقیقی معنوں میں ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:افغان باشندےسکیورٹی کیلئے خطرہ ،ملک بدر کیا جائے، 20ممالک کا یورپی کمیشن کو خط
مجید غوری نے اعلان کیا کہ لاہور بھر کی بلدیاتی انتخابی مہم کی نگرانی کے لیے جوہر ٹاؤن میں مرکزی انتخابی دفتر قائم کیا جائے گا، انہوں نے کارکنوں اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ آج ہی سے انتخابی تیاریوں کا آغاز کریں اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں۔
خرم فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار گھر گھر جا کر پارٹی کا منشور عوام تک پہنچائیں گے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاہور کے عوام ن لیگ اور پی ٹی آئی دونوں سے مایوس ہو چکے ہیں اور اب پیپلز پارٹی کو موقع دینے کے لیے تیار ہیں۔