کرس گیل اور مہیلا جے وردھنے پیچھے رہ گئے، شائی ہوپ کا انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا ریکارڈ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان شائی ہوپ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کرکے اپنے ہم وطن مشہور بیٹر کرس گیل اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کو ویسٹ انڈیز اور میزبان نیوزی لینڈ 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں نیپیئر میں مدمقابل تھے۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اس سنچری کی بدولت شائی ہوپ دیگر تمام 11 ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز اور مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے۔شائی ہوپ تمام 11 فل ممبر ٹیموں اور پھر نیدرلینڈز اور نیپال کے خلاف بھی انٹرنیشنل سنچریاں بنا چکے ہیں۔جس کی بدولت وہ کرکٹ کی تاریخ میں واحد کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچریاں اسکور کیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں 11 ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز اور دیگر 2 ٹیموں کے خلاف سنچری اسکور کرنے والوں فہرست میں انہوں نے کرس گیل اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 12 مختلف ٹیموں کے خلاف انٹرنیشنل سنچریاں بنائیں۔مجموعی طور پر یہ شائی ہوپ کی ون ڈے کی 19ویں سنچری تھی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ برائن لارا کے 19 سنچریوں کے ریکارڈ کو برابر کردیا۔ جبکہ کرس گیل 25 سنچریوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 247 رنز بنائے تھے۔میزبان نیوزی لینڈ نے ہدف با آسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلامک سالیڈیریٹی گیمز: ارشد ندیم اور یاسر سلطان کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟