محروم طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں، صدر اور وزیراعظم کا پیغامِ عید

Mar 20, 2026 | 21:41:PM
محروم طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں، صدر اور وزیراعظم کا پیغامِ عید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف  نےعید الفطر  پر  اہلِ اسلام کو مبارک باد دیتے ہوئے  کہا کہ عید الفطر کا دن  باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا دن ہے۔

اپنے عید کے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کی تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، یتیموں اور محروم طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور معاشرے میں احساسِ ذمہ داری کو مضبوط کریں۔

صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا عیدالفطر کے موقع پر  پیغام 

​بسم الّلہ الرحمٰن الرحیم۔ 
میں پوری پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی خوشیوں بھری ساعتوں پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عیدالفطر درحقیقت ماہِ رمضان کی عبادات، صبر، تقویٰ اور ایثار کا صلہ ہے۔ یہ دن ہمیں الّلہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندگی کے احساس کے ساتھ ایک نئی روحانی زندگی کا آغاز کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

​الّلہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ (البقرہ: 183)

"اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے تاکہ تم میں تقویٰ پیدا ہو۔"

​عید کا اصل پیغام تقویٰ، خود احتسابی اور اخلاقی طہارت ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
"مَنْ صَامَ رَمَضَانَ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ"

(جو شخص ایمان اور ثواب کی خاطر روزہ رکھتا ہے، اس کے اگلے پچھلے سب گناہ معاف کر دیے جائیں گے)۔

​یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ رمضان المبارک میں حاصل کی گئی تربیت کو اپنی عملی زندگی میں برقرار رکھنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ صبر، برداشت، ہمدردی، عدل اور اخوت وہ اقدار ہیں جو نہ صرف ایک مثالی فرد بلکہ ایک مضبوط اور متحد قوم کی بنیاد بنتی ہیں۔

عیدالفطر کا دن باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا دن ہے۔ یہ ہمیں اس بات کی تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، یتیموں اور محروم طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور معاشرے میں احساسِ ذمہ داری کو مضبوط کریں۔

​آج کے دن ہمیں قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کی تجدید بھی کرنی چاہیے۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

میں دعاگو ہوں کہ الّلہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ خطے میں آئی مصیبتوں کا ایسے مقابلہ کریں کہ مسلم امّہ کا اتحاد قائم رہے  اور دنیا بھر میں امن قائم ہو۔

​میں دعا گو ہوں کہ الّلہ تعالیٰ ہماری عبادات کو قبول فرمائے، پاکستان کو امن و سلامتی اور استحکام سے نوازے اور ہمیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

​عید مبارک۔

پاکستان زندہ باد۔

وزیراعظم شہباز شریف کا عید کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیگام مین کہا، میں پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کے بابرکت اور  پر مسرت موقع کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔   

انہوں نے کہا، آج کا مبارک دن ہمارے لیۓ اللہ کی خاص رحمت اور بے پایہ فضل و کرم  کا مظہر ہے۔ 

آج کے دن تمام مسلمان اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں کہ رمضان المبارک کی خصوصی عبادات کے بعد عید سعید کی خوشی نصیب فرمائی۔ 

اللہ ہماری عبادات کو منزل قبولیت عطاء فرماۓ اور اسلامی اقدار کو اپنی عملی زندگی میں رائج کرنے کی توفیق دیں۔

عید الفطر صبر و استقامت کے بعد اللہ کے انعام کے وعدہ کی مثال ہے۔ 
عید الفطر ایثار ،اتحاد، خدمت خلق اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو بھی تازہ کرتا ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں عید کے دن معاشرے کے کمزور طبقات کو خوشیوں بھرے لمحات میں شریک رکھنا ہے۔ 
رمضان المبارک میں حکومت نے کمزور طبقات کی باعزت مالی معاونت کے لیے ڈیجیٹل والٹس کا نظام خوش اسلوبی سے مکمل کیا۔ اجتماعی ذمہ داری اور باہمی تعاون ہی اصل میں ملکی ترقی  اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ 

عید کی خوشیوں اور شکرگزاری کے اس موقع پر بھی ہمارے دل غزہ اور مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات سے متاثرہ دیگر لوگوں کے لیے غمگین ہیں۔ ان کی تکلیف اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ امتِ مسلمہ میں مزید اتحاد کی اشد ضرورت ہے، تاکہ ہم مل کر انصاف، وقار اور پائیدار امن کو فروغ دے سکیں۔ ایسے وقت میں جب دنیا غیر یقینی اور عدم استحکام کا شکار ہے، ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا اتحاد ہی ہے۔

اللہ کرے کہ یہ عید امتِ مسلمہ میں بھائی چارے کے جذبے کو مزید گہرا کرے اور ہمیں انسانیت کی بھلائی کے لیے مل کر کام کرنے کی توفیق دے۔
پاکستان  من حیث القوم دنیا بھر میں امن و سلامتی اور استحکام کے لیۓ دعا گو ہے۔ اللہ کے حضور دست بدعا ہیں کہ عید کی مبارک گھڑیاں عالمی امن، عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارہ کی فضا کو تقویت دیں۔ آمین
عید مبارک!