ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دیدی

Jun 20, 2026 | 18:29:PM
ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دیدی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد قومی ویمن ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، بنگلادیش کے 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کو اننگز کے آغاز میں اچھا موقع ملا، جہاں اوپنرز منیبہ علی اور گل فیروزہ نے پہلی وکٹ پر 49 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم مڈل آرڈر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور ٹیم مقررہ اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

منیبہ علی نے 25 اور گل فیروزہ نے 23 رنز بنائے، جبکہ عائشہ ظفر 11 اور کپتان فاطمہ ثناء 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکی۔

بنگلادیش کی جانب سے سنجیدہ اختر اور ناہیدہ اختر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رابعہ خان اور رتو مونی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل بنگلادیش ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے، شورنا اختر نے 22 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز اسکور کیے، جبکہ نگار سلطانہ نے 36 اور سبحانہ مستری نے 22 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 پاکستان ویمن ٹیم کو اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف بھی شکستوں کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے، جس کے باعث اس کی سیمی فائنل کی دوڑ مزید مشکل ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم ایونٹ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز میں بھارت ویمن کرکٹ ٹیم اور جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف شکست کا سامنا کر چکی ہے، جس کے باعث سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے اسے یہ میچ جیتنا انتہائی اہم ہے۔

 بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش ویمن ٹیم کی کپتان نگار سلطانہ نے کہا کہ ٹیم ایک اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سلطانہ خاتون کی جگہ سنجیدہ اختر کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، جبکہ سائرہ جبین اور تسمیہ رباب کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

فاطمہ ثناء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی باؤلرز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں استعمال شدہ امپورٹڈگاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی کم کرنے اور پابندی ختم کرنے کا فیصلہ