پنجاب میں’’ سکول آن ویل’’ اور’’موبائل لائبریری ‘‘شروع کرنے کا فیصلہ

Jul 20, 2025 | 12:16:PM
پنجاب میں’’ سکول آن ویل’’ اور’’موبائل لائبریری ‘‘شروع کرنے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24نیوز) پنجاب میں ”سکول آن ویل“، ”موبائل لائبریری آن ویل“ اور”موبائل لائبریری“ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سکول آن ویل کی اصولی منظوری دے دی،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکول آن ویل، لائبریری آن ویل اور دیگر منصوبوں کے بارے میں انہیں  تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر تعلیم پنجاب راناسکندرحیات نے کہاہے کہ سکول آن ویل دوردراز اور دشوار گزار علاقوں میں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرے گا، سکول آن ویل الیکٹرک رکشے میں بنایا جائے گا، رکشے کی چھت پر سولر پینل لگائے جائیں گے، سکول آن ویل میں موجود ٹیچرکسی گلی محلے یا بستی میں چھتری نما سائبان کے نیچے فولڈنگ کرسیاں لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سکول آن ویل میں پڑھنے والے بچوں کو کتابیں بھی مہیا کی جائیں گی، سکول آن ویل میں ننھے بچوں کی دلچسپی کیلئے پینٹنگ کا سامان بھی موجود ہوگا،اس میں چھوٹے بچوں کی دلچسپی کیلئے مختلف ایجوکیشنل ٹوائز بھی رکھے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بچوں کیلئے لائبریری آن ویل پراجیکٹ بھی شروع کرے گا، لائبریری آن ویل مختلف علاقوں میں جا کر بچوں کو کتابیں پڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی، لائبریری آن ویل کے ذریعے بچوں کو نصاب کے علاوہ دیگر کتابیں بھی مہیا کی جائیں گی، لائبریری آن ویل کارٹون سے مزین منی وین میں قائم کی جائیں گی، لائبریری آن ویل کو کسی بھی میدان،گراؤنڈ یا کھلی جگہ پر سٹیشن کیا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ایم پاکس وائرس کی نایاب قسم کی تصدیق،محکمہ صحت کاالرٹ جاری
 بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے’’پڑھو گے تو بڑھو گے‘‘ کے ویژن کے مطابق موبائل لائبریری پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا، جدید ترین بس کے اندرقائم موبائل لائبریری میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے چیئرز اورٹیبل بھی میسر ہوں گی، موبائل لائبریری میں اردو ،انگلش اور سائنس کی کتابوںکے علاوہ میگزین بھی رکھے جائیں گے۔